Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قائداعظم ٹرافی (فرسٹ الیون) کی دونوں فائنلسٹس کا نام سامنے آگیا

کراچی: اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے...
شائع 29 دسمبر 2020 10:19pm

کراچی: اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے دسویں اور فیصلہ کن مرحلے میں دفاعی چیمپئین سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کو جیتنے کیلئے 63 رنز کا ہدف ملا تھا جو انہوں نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ محمد اخلاق نے 38 اور محمد سعد نے 25 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔

سدرن پنجاب نے کل کے اسکور 314 سے کھیل شروع کیا، سیف بدر 17 اور محمد الیاس نے 4 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔

سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 368 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سیف بدر نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی طرف سے حسن علی نے 91 رنز دے کر تین جبکہ احمد صافی نے 108 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلاول اقبال اور احمد بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 493 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 187 رنز ہی بنا سکی اور فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ سدرن پنجاب نے اپنی دوسری اننگز میں 368 رنز بنائے تھے، حسن علی نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، میچ کے آخری روز بلوچستان کو 99 رنز کا ہدف ملا تھا جو انہوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

علی رفیق نے 8 چوکوں کی مدد سے 55 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، علی وقاص 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، عمران فرحت 31 رنز بنا کر تابش کا شکار بنے۔ سندھ کی ٹیم نے فالو ان کے بعد آج 208 رنز سے اپنی دوسری اننگز شروع کی، خرم منظور نے 82 اور ابرار احمد نے صفر سے آج کی اننگز کا آغاز کیا۔ خرم منظور چھ رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے انہوں نے پندرہ چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے۔ اسد شفیق نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ سندھ کی پوری ٹیم 317 بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

اس سے قبل بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں 414 رنز بنائے تھے۔ سندھ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 195 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 317 رنز بنائے تھے۔ بلوچستان کے کاشف بھٹی نے 8 وکٹیں حاصل کیں اور جلات خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

‏نیشنل اسٹیڈیم میں خیبر پختونخواہ اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ڈرا رہا۔ چوتھے روز جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو ناردرن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے تھے۔ ناردرن کو میچ جیتنے کیلئے 474 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا تھا۔ ناردرن کی جانب سے ناصر نواز نے 48 اور محمد نواز نے 28 رنز بنائے۔ خالد عثمان نے تین اور ساجد خان نے دو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے 87 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور 252 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد اننگز ڈیکلئیر کردی۔ کامران غلام 51 اور عادل امین نے 77 رنز بنائے۔ محمد نواز نے 69 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔ خیبر پختونخواہ نے پہلی اننگز میں 521 اور ناردرن نے پہلی اننگز میں 336 رنز اسکور کئے تھے۔

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا فائنل یکم جنوری سے پانچ جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں خیبر پختونخواہ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

cricket

PCB

karachi