Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں پہلا آسٹریلوی گیندباز

پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپین ٹیم کراچی کنگز اور بِگ بیش لیگ...
شائع 28 دسمبر 2020 10:07am

پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپین ٹیم کراچی کنگز اور بِگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہَریکینز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی گیندباز ایرن ‌سَمرز پاکستان کے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق چوبیس سالہ سَمرز پاکستان میں آئندہ برس آٹھ جنوری سے شروع ہونے والے ایک روزہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ "پاکستان کپ" میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

اس طرح ایرن سَمرز پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ مقابلوں میں کھیلنے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی بن جائیں گے۔ اس سے قبل ماضی میں افغانستان اور زمبابوے کے کرکٹرز پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ رہ چکے ہیں۔

آسٹریلوی گیند باز سَمرز نے پاکستان کپ میں شمولیت پر پی سی بی کو دیے گئے ایک بیان میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیز گیندبازوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنی فاسٹ بالنگ کی صلاحیت میں بہتری کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم "سدرن پنجاب" کی جیت میں کردار ادا کرنے کے لیے کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین کے مطابق ڈومیسٹک مقابلوں میں ہر ٹیم ایک غیر ملکی کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرسکتی ہے۔ پی سی بی کے ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کرنا چاہتا ہے۔

ندیم خان کے بقول، ہم اپنے ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط، چیلنجنگ اور سخت تر بنانے کے خواہش مند ہیں تاکہ نہ صرف قومی کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچا سکیں بلکہ غیر ملکی کرکٹرز کو بھی اپنی جانب راغب کرسکیں۔

پاکستان

Domestic Cricket

Cricket Australia