Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف نے مجھے اسرائیل بھیجا، مولانا اجمل قادری کا دعویٰ

جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما مولانا اجمل قادری نے دعویٰ کیا...
شائع 28 دسمبر 2020 09:51am

جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما مولانا اجمل قادری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے انہیں تل ابیب کے حکام سے بات چیت کے لئے اسرائیل بھیجا تھا۔

ویب سائٹ Brecorder کے مطابق مولانا اجمل قادری نے ایک انٹرویو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طرح کا مطالعاتی دورہ تھا۔

سابق سیاستدان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران اسرائیلی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور کابینہ کے ممبران سے ملاقات کی ہے۔ تاہم ، انہوں نے اس دورے کے سال کی وضاحت نہیں کی۔

اس دورے کے مقصد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کے حکام جاننا چاہتے تھے کہ اسرائیل کے ساتھ کوئی رشتہ پاکستان کے حق میں ہوگا یا نہیں۔

انہوں نے کہا، 'اس وقت کی وزارت خارجہ کے لوگ یہ جاننا چاہتے تھے کہ پاکستان اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرسکتا ہے یا نہیں۔'

مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران زیادہ تر پاکستانی ٹیکسٹائل سے متعلق تجارتی امور زیربحث آئے۔

مولانا اجمل قادری نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی عہدیداروں سے کہا تھا جب تک تل ابیب اسلام آباد کو فلسطین کی تقدیر کے بارے میں "یقین دہانی" نہیں کراتا ہے اس وقت تک پاکستان اسرائیل کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں رکھ سکتا۔

جے یو آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ اس دورے کے اختتام کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف سے دو بار ملاقات کی۔

مولانا اجمل نے کہا، 'میں نے دو بار وزیر اعظم (نواز شریف) سے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ سے مشاورت کی جانی چاہئے یا اس سلسلے میں کوئی فیصلہ لینے کے لئے قومی سطح کی بات چیت کی جانی چاہئے۔'

مولانا اجمل قادری کے مطابق ، "میں نے انہیں (نواز شریف) یہودی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لئے بہت جذباتی پایا۔'

انہوں نے مزید کہا، 'لیکن سیاسی صورتحال نے معاملات کو پس منظر میں لے لیا۔'

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں محقق نور داہری نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں پاکستان سے تعلقات معمول پر لانے کے لئے دو وفود اسرائیل بھیجے تھے۔

نور داہرے کے مطابق، 'تاریخ کو دیکھیں تو نواز شریف نے اسرائیل سے تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے دو وفود بھیجے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو نے بھی ایک وفد اسرائیل بھیجا تھا جب وہ پاکستان کی چیف ایگزیکٹو تھیں۔

Nawaz Sharif