Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ملتان میں 200 من حلوے کی دیگ

400 کلوگرام سوجی، 400 کلوگرام چینی اور دیگر اشیا کا استعمال
شائع 09 اکتوبر 2022 02:40pm

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملتان میں 200 من حلوے کی دیگ تیاری کی جا رہی ہے۔

اس دیگ میں 400 کلوگرام سوجی، 400 کلوگرام چینی اور دیگر اشیا ڈالی گئی ہیں۔ دیگ میں ایک ہزار سے زائد انڈے ڈالے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو اور شیخ رشید کی قوم کو نبی کریم ﷺ کی ولادت پر مبارکباد

سول ﷺ کی آمد سے انسانیت نے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کیا، بلاول بھٹو
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022 09:43pm
خاتم النبیین ﷺ کی ولادت قوم کومبارک ہو، شیخ رشید
خاتم النبیین ﷺ کی ولادت قوم کومبارک ہو، شیخ رشید

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قوم کو خاتم النبیینﷺ کی ولادت پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت قوم کومبارک ہو، اس سے زیادہ کیا عدم استحکام ہوگا جو آج ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراغواء کیے جارہے ہیں، کراچی میں لوگ سڑکوں پر خود فیصلے کررہے ہیں، اسی کو خانہ جنگی کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھوک افلاس اور بے روز گاری کسی کی کال کا انتظار نہیں کرے گی، 15 نومبر تک اب یا کبھی نہیں، آرپار ہوجائے گا۔

وزیرخارجہ کی پوری امت مسلمہ کو عید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پوری امت مسلمہ کو عید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد دی ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کےمطابق بلاول بھٹو زرداری نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رسول ﷺ کی آمد سے انسانیت نے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کیا، آج اگر بنی نوع انسان نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر پوری طرح عمل پیرا ہو جائے تو دنیا امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرتے ہوئے تنازعات اور تناؤ کا خاتمہ کر سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے دلوں کو اسلام کی تعلیمات سے منور کردے اور ہمیں اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع دے۔

’ آپﷺ نے دشمنوں کو معاف کرکے ایک عظیم روایت قائم کی ’

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے عید میلادالنبیﷺکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺتمام انبیاء کرام کے سردار ہیں، انہوں نے جہالت میں ڈوبےعرب کو ایک مہذب قوم بنایا۔

پرویز الہٰی نے کہاکہ آپﷺ نے دشمنوں کو معاف کرکے ایک عظیم روایت قائم کی،نبی کریم ﷺنے دنیا میں سب سے پہلے خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی پاکﷺ کی زندگی تمام عالم کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے،تمام برائیوں کا سبب نبی پاکﷺ کی تعلیمات سے دوری ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید میلاد النبیﷺ کی مبارکباد

حضورﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، عارف علوی
شائع 09 اکتوبر 2022 09:06am
آپ ﷺ کی تشریف آوری سے بے سہاروں کو سہارا ملا، شہباز شریف
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
آپ ﷺ کی تشریف آوری سے بے سہاروں کو سہارا ملا، شہباز شریف فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے قوم کو عید میلاد النبیﷺ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

’ خاتم النبینﷺنےانسانوں کوانسانوں کی غلامی سے نجات دلائی ’

صدر عارف علو ی نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمدِ سعید پر قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حضورﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، خاتم النبینﷺ نے انسانوں کوانسانوں کی غلامی سے نجات دلائی۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ حضورﷺکی تعلیمات کوزندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا، ان کی سیرت طیبہ پرعمل ہی فلاح و کامیابی کا ضامن ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں رسولﷺ کی تعلیمات کی اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔

’ نبی پاک ﷺ نے اچھےاعمال اور اعلیٰ اخلاق کی بنیاد رکھی ’

وزیراعظم شہباز شریف کا 12ربیع الاول کےموقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم کو نبیﷺ کی تشریف آوری پرمبارک ہو، اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدﷺ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث کیا، حضوراکرم ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے اچھےاعمال اور اعلیٰ اخلاق کی بنیاد رکھی، آپ ﷺ کی بدولت ہمیں خالق تک رسائی کی معرفت نصیب ہوئی، حضوراکرم ﷺ کی ذات نے سسکتی انسانیت کو محبت اور اخوت کا درس دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کی تشریف آوری سے بے سہاروں کو سہارا ملا ،حضوراکرمﷺ نےظلم اورناانصافی کی ہرشکل کوممنوع قراردیا۔

’ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پرعمل کرنے کی اشد ضرورت ہے’

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق وزیراعظم آصف علی زرداری نے بھی عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پیارےنبی حضرت محمد ﷺ کی ولادت کی خوشیاں منارہے ہیں۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پرعمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، اسلام نے محبت اور برداشت کا پیغام دیا ہے۔

ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس

شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022 11:25am
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

ملک بھر میں میلاد النبیﷺعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جارہے ہیں، محافل درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے اور پیغمبرِ امنﷺ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں جاری

جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاہے جبکہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراؤں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

کراچی

کراچی میں آقائے دو جہاں کی ولادت کا جشن منایا جارہا ہے، جہاں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جو کہ جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گی۔

جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مرکزی جلوس اور جلسے کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دیں گے۔

لاہور

لاہور میں 36 ماڈل بازاروں میں بھی عشرہ رحمت اللعالمین جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے، محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ مرکزی جلوسوں،محافل اورریلیوں کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں،06ایس پیز،34ڈی ایس پیزسمیت 03 ہزار سے زائد پولیس افسران اہلکار تعینات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 12ربیع الاول کے پروگراموں کو محفوظ اور پر امن بنائیں گے، مساجد، امام بارگاہوں اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، 12 ربیع الاوّل کے تمام پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے ۔

حیدرآباد

حیدرآباد میں بھی گلی محلوں اور عمارتوں کو سجا دیا گیا، مساجد بھی رنگ برنگی قمقموں سے جگمگانے لگیں۔

سکھر

سکھر میں بھی عاشقان رسول حضور کریمﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہے، دریائے سندھ میں کشتی ریلی نکالی گئی۔

ملک بھر میں عاشقان رسول سرور کونین حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہیں اور نبی کریمﷺ پر درود و سلام بھیج رہےہیں۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں

مساجد میں خصوصی درود و سلام کی محفلوں کا اہتمام
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022 11:25am

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔

قریہ قریہ کوچہ کوچہ جگمانے لگا عمارتیں بھی برقی قمقوں سے روشن ہوگئیں جبکہ مساجد میں خصوصی درود و سلام کی محفلیں جاری ہیں ۔

لاہور میں 36 ماڈل بازاروں میں بھی عشرہ رحمت اللعالمین جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے جگہ جگہ محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے ۔

حیدرآباد میں جشن عید میلادالنبی کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں گلیوں محلوں عمارتوں اور مساجد کو رنگ برنگے قمقموں سے سجا دیا گیا ہے شہر بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے اسٹالز بھی لگے ہیں۔

سکھر میں عید میلاد النبی منانے کیلئے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے لبے مہران سے میلادالنبی کشتیوں پر ریلی نکالی گئی ریلی میں علماء کرام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ملک بھر میں عاشقان رسول ﷺسرور کونین کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہیں اور نبی کریم پر درود و سلام بھیج رہےہیں۔