Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جوفرا آرچر کے 6 سال پہلے کئے گئے ٹویٹ کی دھوم

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2020 03:36pm

archer

انگلینڈ کے نئے پیس سینسیشن جوفرا آرچر نے بین الاقوامی کرکٹ میں آتے ہی دھوم مچادی جبکہ ان کی جانب سے 6 سال پہلے کئے گئے ٹویٹ نے بھی دھوم  مچادی۔

عالمی کپ 2019 میں انگلینڈ کیلئے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرنے والے پیسر کو ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ڈیبیو کروایا گیا تو انہوں نے اپنی سلیکشن کے ساتھ بھرپور انصاف کرتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے نہ صرف وکٹیں حاصل کیں بلکہ بلے بازوں کو شدید پریشانی میں رکھا اور اپنی خطرناک باؤنسرز سے انہیں زخمی بھی کیا۔

آرچر نے کینگروز کے سب سے مستند بلے باز اسٹیو اسمتھ کو پہلے کہنی اور پھر گردن میں گیند مارکر زخمی کیا جبکہ دوسری اننگز میں اسمتھ کی جگہ لینے والے مارنس لبوشین کو بھی گیند ماری۔

نئے پیس سینسیشن کی اس خطرناک گیند بازی کو دیکھ کر کرکٹ شائقین خوب متاثر ہوئے ساتھ ہی اُن کی جانب سے 6 سال قبل کئے گئے ٹویٹ کی بھی دوبارہ دھوم مچ گئی۔

جوفرا آرچر نے 6 سال قبل ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ 'تمام بلے بازوں کو 2 ہیلمٹس خریدنے چاہئیں کیونکہ جب ہمارا سامنا ہوگا تو ان کا استعمال کرنا پڑے گا'۔

آرچر کی یہ ٹویٹ ایک بار پھر زیر بحث ہے کیونکہ انہوں نے اس وقت دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے باز کی گردن پر گیند ماری ہے۔

واضح رہے کہ ایشز سیریز پہلے ٹیسٹ میں کینگروز نے فتح حاصل کی جبکہ دوسرا ٹیسٹ بناکسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہوگا جس میں انجری کے باعث اسٹیو اسمتھ شرکت نہیں کریں گے۔