گزرے ہفتوں میں کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان صلح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں اور یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ دونوں کامیڈین ایک بار پھر شو میں دِکھیں گے۔
ایسا نہیں ہے، جس شو میں دونوں فنکار دِکھیں گے وہ کپل شرما شو نہیں بلکہ ایک نجی چینل کا نیا پروگرام سب سے بڑا کلاکار ہوگا۔ جبکہ ابھی تک علی اصغر اور سنیل گروور کے کپل شرما شو میں واپس آنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
تاہم مداحوں کیلئے یہ ہی بڑی بات ہوگی کہ ان کے پسندیدہ فنکار ایک اسٹیج پر فن کا مظاہرہ کریں گے۔
وہ لوگ جو نہیں جانتے کہ کپل اور سنیل کے درمیان کیا ہوا تو جان لیں کہ آسٹریلیا سے واپسی پر دونوں کے درمیان ہوائی جہاز میں لڑائی ہوئی تھی۔
کپل شرما نے فیس بک پر معاملے کی وضاحت کی اور معافی مانگی جبکہ سنیل نے معافی قبول کرنے سے انکار کردیا۔ سنیل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ خدا کی طرح برتاؤ نہیں کیجئے، وہ لوگ جو آپ کی طرح کامیاب نہیں ہیں ، ان کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آئیں۔
اگر چہ کپل شرما نے سب کے سامنے معافی مانگی، سنیل گروور اور کپل شرما شو کے دیگر اداکاروں نے شو میں واپسی کیلئے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔
اداکاروں کے شو سے نکلنے کے بعد سےہی کپل شرما کو ٹی آر پیز برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سنیل گروور کے نکلنے کے بعد سے شو کی ٹی آر پیز گر گئی ہیں۔
دونوں فنکاروں کے درمیان جاری تنازعہ کے باوجود دونوں کو کسی اور شو میں ایک ساتھ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔
News18بشکریہ