اسلام آباد:پاکستان نے سمجھوتا ایکسپریس کے مرکزی ملزم کو رہا کرنے پر بھارت سے احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیاپاکستان کی جانب سے انہیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور آنند کو رہا کرنے پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دفترخارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مرکزی ملزم آسیم آنند ایک دہشت گرد ہے، اس نے حملے کا اعتراف بھی کیا، اس کی رہائی پر پاکستان شدید احتجاج کرتا ہے۔
آسیم آنند سانحہ سمجھوتا ایکسپریس سمیت مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ اور اس کا تعلق ہندو انتہاپسند جماعت سے رہا ہے۔
واضح رہے کہ 18فروری سن 2007کوسمجھوتا ایکسپریس پاکستان آرہی تھی کہ بھارتی انتہاپسندوں نے ٹرین کو نشانہ بنایا،حملے میں 68افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔
بھارت نے پاکستان کے دباؤ پر آسیم آنند سمیت 13افراد کو گرفتار کیالیکن بعد میں بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث ایک ایک کرکے سب کو رہائی ملتی گئی۔
اور اب سانحہ سمجھوتا ایکسپریس آسیم آنند سمیت 7افراد کو بھی بری کردیا گیا ہےجبکہ آسیم آنند واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کرچکاہے۔