Aaj Logo

شائع 04 فروری 2017 02:19pm

موبائل فون کی بیٹری کیلئےچند اہم  ہدایات

 ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کے فون کی بیٹری کبھی آپ کی توقع پر پوری نہیں اُترتی بلکہ زیادہ تر تو یہ دن بھر بھی مشکل چلتی ہے، لیکن اس میں آپ کے فون کا قصور کم اور آپ کا زیادہ ہے کیونکہ آپ اسے ہمیشہ غلط ہی انداز میں چارج کرتے ہیں ۔

 عوام سمجھتے ہیں کہ فون کو بار بار اور تھوڑا تھوڑا چارج کرنا اس کی بیٹری کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔اس لیے اس وقت چارج کریں جب اس کی بیٹری ختم ہونے کے قریب ہو، لیکن یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ ایک بیٹری کمپنی کیڈیکس کی ویب سائٹ 'بیٹری یونیورسٹی' بتاتی ہے کہ ہمارے سمارٹ فونز کی لیتھیم آیون بیٹریاں کس طرح کام کرتی ہیں اور کتنی حساس ہوتی ہیں۔ انسانوں کی طرح اگر یہ بھی مسلسل تناؤ اور دباؤ کا شکار رہیں تو انہیں نقصان پہنچ سکتا ہے اور ان کی زندگی کم ہو سکتی ہے۔ اگر آپ اپنے سمارٹ فون کی بیٹری کو بہترین حالت میں رکھنا چاہتے ہیں، تو چند باتوں کا دھیان رکھیں۔

مکمل چارج ہو جانے کے بعد بھی چارجر نہ نکالنا بیٹری کی زندگی پر بُرے اثرات ڈالتا ہے ۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ رات کو سونے سے پہلے موبائل کو چارج پر لگا دیتے ہیں اور صبح اُٹھ کر نکالتے ہیں ۔ بیٹری ہمہ وقت استعمال ہوتی رہتی ہے لیکن جب 100 فیصد چارج ہونے کے بعد جیسے ہی 99 اعشاریہ کچھ ہوتی ہے چارج پر لگے رہنے کی وجہ سے پھر بھرنے لگتی ہے ۔ یوں ہمہ وقت چارج ہونے کی وجہ سے سخت تناؤ کا شکار ہو جاتی ہے ۔ ایک مرتبہ مکمل چارج ہو جانے کے بعد بیٹری کو بجلی سے نکال لیں۔

دوسرا خیال یہ رکھیں کہ اسے 100 فیصد تک چارج نہ کریں ۔ بیٹری یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ لیتھیم آیون بیٹریوں کو مکمل چارج ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔اسے کبھی 100 فیصد تک نہ پہنچنے دیں ۔

اس کے علاوہ بجائے یہ کہ ایک ہی سیشن میں پوری بیٹری چارج کی جائے ، بہتر یہی ہے کہ تھوڑی تھوڑی دیر کیلئے مختلف اوقات میں چارجنگ کی جائے ۔ یہ بیٹری کو بہتر رکھنے کا اہم نسخہ ہے ۔

جب بھی فون کو چارج پر لگائیں اس کا کور اُتار لیں ،خاص طور پر جب آپ دیکھیں کہ چارجنگ کے دوران آپ کا فون زیادہ گرم ہو جاتا ہے، پھر اسے دھوپ سے بھی بچائیں ۔ یہ اقدامات آپ کے فون کی بیٹری کی لمبی صحت اور زندگی کے ضامن ہوں گے ۔

بشکریہ بیٹری یونیورسٹی

Read Comments