ممبئی:بھارتی میڈیامیں ان دنوں فلم 'رئیس'نے دھوم مچائی ہوئی ہے،فلم کو ریلیز ہوئے ایک ہفتہ ہوچکا ہے لیکن سینما میں لوگوں کا رش کم ہونے میں ہی نہیں آرہا۔
فلم رئیس کو 2017 کی پہلی سُپر ہٹ فلم قرار دیاجارہا ہے،جو 100 کروڑ سے زائد بھارتی روپے کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے،جبکہ فلم کو بیرون ملک موجود لوگوں نے بھی بیحد پسند کیا ہے۔
لیکن پوری دنیا کو پسند آنے والی فلم کیا شاہ رخ خان کے بچوں کے معیار پوری اترنے میں کامیاب ہوئی ہے؟
ڈی این اے انڈیا کے مطابق خان نے فلم سے متعلق اپنی فیملی کا ردعمل بتاتے ہوکہا کہ میرے گھر والے فلم ریلیز سے چند روز قبل ہی دیکھ چکے تھے۔
ان کے بڑے بیٹے آریان خان کا فلم دیکھ کر کہنا تھا کہ فلم 'سُپر کول'ہے یعنی بہت اچھی ہے،جبکہ بیٹی سہانا کو فلم کا دوسرا حصہ زیادہ پسند آیا،انہوں نے اپنا ردعمل بیان کرتے ہوئے کہا کہ فلم کے دوسرے حصے نے انہیں جذباتی کردیا۔
شاہ رخ نے کہا کہ فلم دیکھ کر سہانا نے انہیں لندن سے فون کیا اور کہا کہ ان کی دوستوں کو بھی ان ہی کی طرح فلم کا دوسرا حصہ زیادہ پسند آیا ہے ،لہٰذا مجھے محسوس ہوا کہ فلم لڑکیوں کو بہت پسند آئے گی کیونکہ وہ اس کے ساتھ جذباتی طور پر ملوث ہوجائیں گی۔
لیکن خان کے سب سے چھوٹے اور چلبلے بیٹے ابرام کا ردعمل سب سے حیران کن اور پیارا تھا ،اس نے لیلیٰ میں لیلیٰ پر ڈانس کیا اور خان کے سین پر 'گوپاپاگو'کہا۔
شاہ رخ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ابرام کا ردعمل بالکل اسی طرح تھا جیسے لوگ سینما میں بیٹھ کر فلم دیکھتے اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔