نئی دہلی : بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گائے ذبح کرنے پر پابندی کی درخواست مسترد کردی۔ درخواست انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے دائر کی گئی۔
بھارت میں گائے ذبح کرنا اور گائے کا گوشت کھانا کسی جرم سے کم نہیں اور اس کی روک تھام کیلئے انتہا پسند ہندو انسانی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
گزشتہ سال اگست میں مہاراشٹرا کی ایسوسی ایشن کی جانب سے گائے کی ذبح پر پابندی کیلئے پٹیشن دائر کی گئی تھی اور اب بھارت کی سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کرکے انہتا پسند ہندوؤں کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔
سپریم کورٹ کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ ملک میں گائے کی ذبیحہ کو نہیں روکا جاسکتا اور نہ ہی ریاستوں پر زبردستی قانون لاگو کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ بھارت سے دیگر ممالک گائے کی اسمگلنگ روکنے کیلئے عدالت پہلے ہی ریاستوں کو حکم نامے جاری کر چکی ہے۔