واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے منصوبے کے 100فیصد اخراجات بھی میکسیکو سے ہی لینے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکن دیوار بنانے کا صدارتی حکم نامہ جاری کردیا ہے،سرحدی سلامتی اور امیگریشن نفاذ نامی حکم نامے پر امریکی صدر نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے محکمے میں منعقدہ ایک تقریب میں دستخط کئے۔
اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔کوئی ملک سرحدوں کے بغیر نہیں ہوتا۔
' خود نگرانی کرکے جرائم پیشہ افراد کو امریکا سے باہر نکال دوں گا، میکسیکو کی سرحد پر دیوار سے ہزاروں انسانی جانیں اور اربوں ڈالر بچیں گے جبکہ میکسیکو کے ساتھ معاشی اور سیکیورٹی تعاون بڑھایا جائے گا'۔
ٹرمپ نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کیلیے مزید 5 ہزار اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔
ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کے علاوہ ان امریکی ریاستوں کی فنڈنگ روکنے کے احکامات پر بھی دستخط کردئیے جو غیرقانونی تارکین وطن کا گڑھ ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ اس منصوبے کے 100 فیصد اخراجات بھی میکسیکو سے ہی لئے جائیں گے،جس کا تخمینہ 8 ارب ڈالر ہے۔ تاہم میکسیکو کے صدرانرقی پینا نیٹو نے اس بات کو مسترد کردیا۔
'امریکا کی جانب سے رکاوٹ کھڑی کرنے کی مذمت کرتا ہوں،میکسیکو دیواریں کھڑی کرنے پر یقین نہیں رکھتا،میکسیکو کسی بھی دیوار کی تعمیر کیلئے رقم نہیں دے گا'۔
میکسیکن صدر نے کہا کہ بطورصدرمیکسیکو اورمیکسیکنز کے حقوق کے دفاع کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔
دوسری جاب امریکا میں رہنے والے میکسیکن شہریوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اقدام کو نسل پرست اور غیر ضروری قراردیا ہے۔