بیجنگ: چین نے بھارت کو خبردار کردیا ہے کہ ویتنام کو آکاش میزائل فروخت کیا گیا تو خطے میں عدم استحکام کی فضا پیدا ہوگی جس کے بعد چین بھی ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گا۔
بھارت اپنے میزائل کی برآمدات کے منصوبے میں توسیع پرغورکررہا ہے۔ جس کے لئے ویتنام کوزمین سے فضا تک مارکرنے والا آکاش میزائل فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
بھارت کے اس منصوبے پر چین نے بھی سخت ردعمل دیا ہے،چینی ریاستی اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگر بھارت انتقامی جذبے کے تحت ویتنام سے فوجی تعلقات مضبوط کرتا ہے تو اس سے خطہ میں عدم توازن پیدا ہوگا اور چین بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ عام ہتھیار کی فروخت کے طورپرہونا چاہیے۔ تاہم بھارتی میڈیا اس فروخت کو چینی حکومت سے لاحق خطرے سے نمٹنے کیلئے تیاری قراردے رہا ہے۔
گلوبل ٹائمز نے ان خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کا یہ قدم چین کی جانب سے بھارت کو جوہری سپلائر گروپ کا رکن بننے سے روکنے اور جیش محمد کے سربراہ مسعوداظہر پر اقوام متحدہ سے پابندی لگانے کے مطالبے کا جواب ہے۔
چین اورویتنام کے درمیان جنوبی چینی سمندر کے معاملے پرتنازعہ ہے۔ جبکہ فلپائن، ملائیشیا، برونائی اورتائیوان بھی جنوبی چینی سمندرپراپنے علاقائی دعوے کرتے ہیں۔