خواتین اپنا حسن نکھارنے کےلئے نہ جانے کتنے جتن کرتی ہیں۔ جیسے ہی مارکیٹ میں رنگ گورا کرنے والی چیز متعارف ہوتی ہے تو فوراً اُسے خرید لاتی ہیں اور استعمال کرنے لگتی ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف بیوٹی پارلرز رنگت نکھارنے والے ٹریٹمنٹ کےلئے کئی پیسے وصول کرتے ہیں اور نتیجہ کوئی خاطر خواہ نہیں ہوتا۔
آج کل گولڈ فیشل کا بول بالا ہے ہر دوسری خاتون یہ فیشل کروانے کے لئے بیوٹی پارلر کا رخ کررہی ہیں۔
گولڈ فیشل کےحوالے سے یہ تصور پایا جاتا ہے کہ یہ صرف پارلرز میں ہی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین اس فیشل کو کروانے کےلئے منہ مانگے دام دینے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔
لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ گولڈ فیشل کو گھر میں بھی باآسانی کیا جاسکتا ہے۔ اس کےلئے آپ کو گولڈ فیشل کٹ خریدنی ہوگی اور ساتھ چند باتوں کاخیال رکھنا ہوگا۔
گولڈ فیشل کے مراحل
٭ سب سے پہلے چہرے پر آدھا چمچہ گولڈ کلینسر لگائیں اور انگلیوں کی مدد سے 15 منٹ تک چہرے کو صاف کریں۔ جب اچھی طرح مساج کرچکے تو تولیے کی مدد سے چہرہ صاف کرلیں۔
٭ چہرے کو ایکسفولئیٹ کرنے کے لئے اسکرب کیا جاتا ہے تاکہ چہرے کی جلد میں موجود مردہ خلیئے دور کئے جا سکیں۔گولڈ اسکرب میں 24 کیرٹ میری گولڈ ایکسٹریکٹ ہوتا ہے جو چہرے کو آکسیڈائز کرتا ہے ۔ گولڈ اسکرب کرتے ہوئے انگلیوں کو نیچے سے اوپر کی جانب 10 منٹ تک مساج کریں۔
٭ گولڈ فیشل کٹ میں موجود گولڈ کریم میں 24 کیرٹ گولڈ فوائل ،گولڈ پاؤڈر ،زعفران، ایلوویرا اور صندل کی لکڑی کا پاؤڈر شامل ہوتا ہے۔اس کو چہرے پر20 منٹ تک لگائیں تاکہ تمام اجزاء چہرے پر باآسانی جذب ہو سکیں۔
٭ گولڈ ماسک جلد کو شاداب بنانے کےلئے ہلدی، شہد، گولڈ فوائل اور ایلو ویرا شامل ہوتا ہے۔ چہرے کے ساتھ اس ماسک کو گردن پر بھی لگائیں۔ جب یہ ماسک خشک ہوجاتا ہے تو باآسانی اتر جاتا ہے۔
اس فیشل میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ درکار ہوتا ہے۔ جیسے ہی فیشل مکمل ہوتا ہے تو اس کے نتائج فوری سامنے آنے لگتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کےلئے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔