پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور ویٹ ٹائٹل جیت لیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق اتوار کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں فلپائنی باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے محمد وسیم نے اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔
خیال رہے کہ محمد وسیم نے جولائی میں فلپائن کے باکسر جیدر اولیوا کو شکست دینے کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ سنہ 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس مقابلے کیلئے دو ماہ خاص ٹریننگ کی جس کے بعد وہ جسمانی اور ذہنی طور پر تیار ہوئے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ دس سال سے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن وہ اپنی حالیہ کامیابیوں کو سہرا کورین پروموٹر اینڈی کم کو دیتے ہیں جنہوں نے ہر موقع پر ان کو تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔
محمد وسیم نے بتایا کہ وہ سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے جنوبی ایشیائی کھلاڑی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باکسنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کیلئے جسمانی صحت اور ٹریننگ کا خرچ تعاون کے بغیر پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکا کے شہر لاس ویگس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کےٹرینر ہیں۔
بشکریہ بی بی سی ا ردو