Aaj Logo

شائع 27 اکتوبر 2016 10:00am

زیدعلی کیا نیا کرنے جا رہے ہیں؟

پاکستانی نژاد کنیڈین شہری زید علی جو کہ  فیس بک اور انسٹا گرام پر بیحد مقبولیت حاصل کر چکے ہیں، زید علی کا شمار اُن سوشل میڈیا اسٹارز میں ہوتا ہے جن کی دلچسپ ویڈیوز نے ہر ایک کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

زید اپنی ویڈیوز  میں مزاح سے ساتھ ساتھ سماجی مسائل پر بھی  روشنی ڈالتے ہیں۔ اور یہ ہی وجہ ہے کہ ان کی ویڈیوز دوسرے تمام لوگوں کے مقابلے میں منفرد ہوتی ہیں۔ان کے ویڈیوز کی خاصیت یہ ہے کہ  ہر عمر کے لوگ انہیں پسند کرتے ہیں  ۔

لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے والے زید علی  حقیقی زندگی میں بیحد شرمیلے ہیں یہ بات انہوں نے حالیہ  مقامی انگریزی جریدے کو انٹرویو کے دوران کہی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی زندگی کے حوالے سے بہت سی دلچسپ باتیں بتائیں جنہیں سن کے یقینا آپ بھی لطف اندوز ہوں گے۔

انہوں نے پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام طور پر فلموں اور ڈراموں میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے البتہ معروف اداکار  فواد خان اور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسر(ایچ ایس وائے) سے واقف ہیں۔

فلموں کے حوالے سےا ن کا کہنا تھا  میں فلمیں نہیں دیکھتا ،ہاں کچھ عرصہ قبل پاکستانی فلم 'جوانی پھر نہیں آنی 'دیکھی تھی،'اس فلم میں کچھ تو تھا جس نے مجھے ہنسنے پر مجبور کردیا'۔

اپنے گھر والوں سے متعلق بات کرتے ہوئے زید علی نے کہا کہ  گھر والے میری ویڈیوز دیکھتے ہیں، ان کے نزدیک  یہ لوگوں سے رابطے میں رہنے کا  بہترین موقع ہے ۔

پاکستان  میں اپنی آمد کا مقصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کے وہ  یہاں اپنی پہلی فلم سے متعلق  میٹنگ کرنے  آئے ہیں  جس کا اسکرپٹ تقریباً تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میرے مداح بہت زیادہ ہیں ،لہٰذا اگر میں مقامی سینما سے اپنے کیرئیر کا آغاز کروں  تو زیادہ بہتر ہے۔

اس کے علاوہ انہوں پاکستانی فلموں ، ہالی وڈ اوربولی وڈ   کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے کہا  یہاں کی فلمیں زیادہ صاف ستھری ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  کسی فلم میں کام کرنے میری دو شرائط ہیں  ،ایک تو اس فلم کے ذریعے لوگوں تک ایک اچھا پیغام پہنچے دوسری شرط فلم مرچ مصالحے کے بغیر صاف ستھری ہونی چاہئے،یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے پاکستانی سینما کا انتخاب کیا۔

زید نے اپنی شادی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ میرے والدین نے اس کافیصلہ مجھ پر چھوڑدیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ میں جس سے چاہوں شادی کرسکتا ہوں۔

Read Comments