ہمارے کھانوں میں روزمرہ استعمال ہونے والے مصالحے نہ صرف ہمارے کھانوں کو لذت بخشتے ہیں، بلکہ یہ مصالحے ہماری صحت کیلئے انتہائی مفید اور ہمیں چاق و چوبند رکھنے میں بہت مددگار ہوتے ہیں۔
اکثر لوگ اس بات سے لاعلم ہیں کہ ہمارے کھانوں میں روزمرہ استعمال ہونے والے مصالحے ہمیں کئی بیماریوں سے نجات دلانے میں بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔
یہ مصالحے ہمیں الرجی ، نزلہ زکام، بخار ، کھانسی اور کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
مصالحے ہمارے کھانوں کو نہ صرف مزے دار بناتے ہیں، بلکہ بہت سی بیماریوں سے نجات بھی دلاتے ہیں۔ وہ کون سے مصالحے ہیں جوہماری صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہیں، آیئے جانتے ہیں۔
٭ دھنیا
ہمارے کھانوں میں تقریباً روز استعمال ہونے والا دھنیا جوڑوں کے درد، کولیسٹرول اور پھٹوں کی سختی سے نجات دلانے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پسے دھنیے کے ساتھ ساتھ ثابت دھنیا بھی آپ کی صحت کےلیے بہت مفید ہے۔ ثابت دھنیے میں وٹامن سی پایا جاتا ہےجوکہ جسم میں موجود زہریلے مادے کا خاتمہ کرتا ہے۔
٭ لونگ
لونگ انسانی صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔ اکثر ڈاکٹر داڑھ کے درد میں لونگ داڑھ میں رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ کیونکہ لونگ سے داڑھ کو سکون پہنچتا ہے۔
اس کے علاوہ لونگ نظام ہاضمہ کےلیے بھی بہت مفید ہے اور کھانسی کو بھی دور کرتی ہے۔
٭ زیرہ
زیرہ آپ کو کئی بیماریوں سےمحفوظ رکھتا ہے۔ زیرہ سردرد کو دور کرنے میں بھی بہت مددگار ہوتا ہے۔ اس کےعلاوہ زیرہ نزلہ زکام سے بھی نجات دلاتا ہے۔
٭ ہلدی
ہلدی کے بےشمار فائدے ہیں، ہلدی جہاں کھانوں کو رونق اور ذائقہ بخشتی ہے وہیں انسانی صحت کےلیے کو بھی بہت فائدہ دیتی ہے۔ ہلدی جلدی امراض، دل کی بیماری ، ہائی بلڈ پریشر کےلیے بہت مفید ہوتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کےلیے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔