Aaj Logo

شائع 23 جون 2016 05:33am

روزمرہ کی یہ غذائیں آپ کے گردوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں

گردے آپ کے جسم میں چھلنی کا کام سرانجام دیتے ہیں۔ گردے منرلز کو جذب کرتے ہیں اور جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرتے ہیں۔گردوں کو صحت مند رکھنے کے لیے ڈاکٹر زیادہ پانی پینے کی تجویز دیتے ہیں۔

لیکن اکثر اوقات لوگ کئی کئی گھنٹے پانی کے بغیر گزار دیتے ہیں، بغیر یہ سوچے سمجھے کہ یہ ان کی صحت کیلئے کتنا نقصان دہ ہے۔

گردے خراب ہونے کے بعد بھی کام کرتے ہیں، لیکن جب گروں میں 20 فیصد کام کرنے کی صلاحیت رہ جاتی ہے، تب گردوں کے خراب ہونے کے آثار آپ کے چہرے اور صحت پر نمودار ہونے لگتے ہیں۔

جب ہی گردوں کی بیماری کو 'خاموش بیماری' بھی کہا جاتا ہے۔

اپنے جسم کو تندرست اور توانا رکھنے کے لیے گردوں کا صحت مندہونا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کے گردے صحت مند نہیں ہونگے تو آپ کے جسم سے انرجی ختم ہوجائے گی اور کوئی بھی کام ہشاش بشاش طریقے سے سرانجام نہیں دے سکیں گے۔

ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں کئی ایسی غذائیں کھاتے ہیں ، جوکہ ہمارے گردوں کےلیے بے حد نقصان دہ ہیں۔ لیکن ہم ان غذاؤں کے منفی اثرات کو نظرانداز کرتے ہوئے، ان کو اپنی زندگی میں شامل کیے ہوئے ہیں۔

وہ کون سی روزمرہ میں استعمال کی جانے والی غذائیں ہیں جو ہمارے گردوں کےلیے نقصان دہ ہیں ،وہ درج ذیل ہیں:

٭ نمک کا زیادہ استعمال

انسانی جسم کو بہتر کام کرنے کے لیے سوڈیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن بعض لوگوں کو کھانوں میں تیز نمک پسند ہوتا ہے جو کہ انسانی صحت کےلیے بہت زیادہ نقصان دہ ہے کیونکہ نمک کی زیادتی آپ کا بلڈ پریشر بڑھا دیتی ہے اور اس سے آپ کے گردے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ چائنیز فوڈ اور پیکٹ والے چپس میں نمک بہت زیادہ پایا جاتا ہے اور لوگوں کو یہ دونوں کھانے ہی بہت پسند ہوتے ہیں۔لہذا زیادہ نمک والے کھانوں سے گریز کرنا چاہیئے۔

٭ کافی زیادہ پینا

کیفین کا زیادہ استعمال بھی گردوں کےلیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ وہ افراد جو دن میں 2 سے 4 کپ کافی پیتے ہیں، ان میں گردوں کا مرض ہونے کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔ لہذا کیفین کا استعمال کم سے کم کریں۔

٭ زیادہ تعداد میں گوشت کھانا

گوشت جس میں پروٹین وافر مقدار میں پاتا جاتا ہے۔ اکثر ڈاکٹر ان لوگوں کو گوشت کھانے کی تجویز دیتے ہیں ، جن میں پروٹین کی کمی ہوتی ہے۔ لیکن جن افراد میں پروٹین کی کمی نہیں ہوتی اور اس کے باوجود وہ گوشت کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں گردوں کی بیماری ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر آپ دوپہر کے کھانے میں گوشت کھا چکے ہیں تو کوشش کریں کہ رات کے کھانے میں سبزی یا دال کھائیں۔

٭ بخار، نزلے کو نظرانداز نہیں کریں

موسمی بخار اور نزلے کو ہرگز نظرانداز نہیں کریں، کیونکہ اس سے بھی آپ کے گردے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹرز کا ماننا  ہے کہ جن افراد کو گردوں کی بیماری ہوتی ہے ان کو نزلے اور بخار جیسی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔

٭ مصنوعی شکر کا استعمال

کچھ افراد ڈائٹنگ کرتے ہیں  اور نیچرل شکر کے بجائے مصنوعی شکر استعمال کرنے لگتے ہیں۔ لیکن شاید وہ یہ نہیں جانتے کہ مصنوعی شکر کا استعمال آپ کے گردوں کےلیے کتنا خطرناک ہے۔ اگر آپ شکر کے بجائے گڑ کا استعمال کریں تو اس سے آپ کا وزن بھی نہیں بڑھے گا اور آپ کے جسم میں شوگر کی کمی بھی پوری ہوجائے گی۔

نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات عامہ کےلیے ہے، اس پر عمل کرنے سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔

Read Comments