Aaj Logo

شائع 03 جون 2016 10:53am

درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس: سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد:سپریم کورٹ نےمارگلہ اورلوراہلز میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی  میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مارگلہ اورلورا ہلزپر درختوں کی کٹائی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دهماکہ خیز مواد رکھ کر پہاڑوں کو توڑا جا رہا ہے،یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،معاملہ کا تعلق ماحولیات سے  ہے، آنکهیں بند نہیں کرسکتے۔

اسٹون کریشنگ کے بہانے پہاڑوں کا صفایا کیا جا رہا ہے،ماحول کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے،دهماکوں سے لوگوں کے گهروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

جسٹس امیرہانی مسلم کا کہنا تھا کہ آج کے بعد مارگلہ ہلز میں دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا تو متعلقہ ایس پی اپنی وردی میں نہیں ہو گا،حکومتی وکیل  نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاملہ کی تہہ تک جائیں گے۔

جسٹس امیرہانی مسلم کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ انتہائی نا قابل برداشت ہے،حکومت کو پتہ ہی نہیں مارگلہ ہلز میں کیا ہو رہا ہے۔

عدالت نے وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے تا حکم ثانی مارگلہ ہلز میں دهماکہ خیز مواد کا استعمال روک دیا۔

Read Comments