امریکا، آزبائیجان اور مصر کیلئے آج کا دن بری خبریں لایا۔ امريکی فضائیہ کا بمبار طیارہ جزیرے گوام میں گر کر تباہ ہوا، مصر کا طیارہ بحرالکاہل میں گر کر جبکہ آزربائیجان کی سلک ویز ایئر لائن کا طیارہ افغانستان میں گرکر تباہ ہوا۔ مجموعی طور پر تہترافراد ہلاک ہوئے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق بی 52 بمبار طیارہ فوجی اڈے سے پرواز کے چند لمحے بعد ہی حادثے کا شکار ہوا۔ عملے کے سات ارکان حادثے میں محفوظ رہے۔
تباہ ہونے والا طیارہ بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے میں شمالی ڈیکوٹا سے تعینات کیا گیا تھا ۔ جو خطے میں امریکی فوج کے مستقل قیام کا حصہ تھا۔
دوسرا حادثہ علی الصباح مصری ایئر لائن کے طیارے کو پیش آیا، جو پیرس سے سے قاہرہ جارہا تھا کہ بحیرہ روم میں یونانی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
طیارہ مصر کی حدود سے دس میل دور بحیرہ روم کے اوپر ریڈار سے غائب ہوا۔ عملے کے دس ارکان سمیت تمام 66 افراد ہلاک ہوگئے۔
مرنے والوں میں مصری، فرانسیسی،عراقی ، برطانوی ، سعودی، کینیڈین، الجیرین، پرتگالی، کویتی، سوڈانی، بیلجیئن اور چاڈ کے شہری شامل ہیں۔مصری وزیراعظم شریف اسماعیل کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
تیسرا حادثہ آذربائیجان کے کارگو طیارے کو پیش آیا، یہ طیارہ افغانستان میں تباہ ہوا، حادثے میں سات افراد ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سلک وے ایئرلائن کا طیارہ افغان ایئر پورٹ سے ٹیک آف کے تھوڑی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں افغانستان، آزربائیجان، یوکرائن اور ازبکستان کے شہری تھے۔