Aaj Logo

شائع 10 اپريل 2025 05:54am

کیا طالبان نے بگرام بیس امریکہ کو دیدیا؟ حقیقت سامنے آگئی

بگرام ایئر بیس پر امریکی سی 17 اترنے کی تصاویر دعوے کے ساتھ پھیلائی گئیں

پاکستان اور افغانستان میں سوشل میڈیا پر پچھلے کئی روز دعوے اور جوابی دعوے کیے جا رہے ہیں کہ طالبان نے بگرام میں فوجی اڈہ امریکہ کے حوالے کردیا ہے۔

ان دعوؤں کی بنیاد بگرام ایئر بیس پر امریکہ کا ایک سی 17 طیارہ اترنے کی تصاویر تھیں۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے چند روز قبل بگرام ایئربیس امریکہ کے حوالے کرنے کی تردید کی تھی۔

اب اس معاملے پر حقیقت سامنے آگئی ہے۔

افغانستان کے ذرائع ابلاغ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بگرام ایئربیس پر امریکہ کا ایک سی 17 طیارہ اترا ہے جو فوجی سامان اور انٹیلی جنس افسران لے کر آیا۔

یہ دعویٰ افغانستان کے صحافی زرک شہاب نے میڈیم نامی ایک ویب سائیٹ پر شائع مضمون میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی طیارہ قطر کے الحدید ایئربیس سے اڑا اور بگرام پہنچا۔

زرک شہاب نے اپنی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ طالبان نے بگرام فوجی اڈہ امریکہ کے حوالے کردیا ہے۔

اس دعوے کو بنیاد بنا کر افغانستان کے خبر رساں ادارے خامہ پریس نے رپورٹ دی کہ بگرام ایئربیس امریکہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

خامہ پریس نے بعد میں طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا بیان بھی شائع کیا لیکن بار بار زرک شہاب کے دعوے کو دہرایا۔

ان دھماکہ خیز دعوؤں کے بعد امریکہ میں صحافیوں نے چھان بین شروع کی اور بگرام ایئر بیس کی سٹیلائیٹ تصاویر بھی نکال لیں۔

ان صحافیوں کا کہنا ہے کہ مارچ کے آخر سے لے کر 5 اپریل کے دوران بگرام میں امریکی طیارہ یا فوجی سامان اترنے کے کوئی شواہد نہیں۔

اس فیکٹ چیک کے بعد میڈیم پر زرک شہاب کی خبر ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

پلیٹ فارم نے لکھا ہے کہ مذکورہ صحافی یعنی زرک شہاب کے اکاؤنٹ کے بارے میں چھان بین کی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے میڈیم کے قواعد کی خلاف ورزی کی۔

Read Comments