کراچی میں اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا احتجاج ختم ہوگیا، بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنے کے باعث کراچی کا ملک بھر سے رابطہ کٹ گیا تھا، تیزگام، زکریا ایکسپریس اور شاہ حسین کینٹ اسٹیشن سے روانہ نہیں ہو سکی تھیں تاہم پہلی ٹرین لانڈھی اسٹیشن سے روانہ ہو گئی۔
پاکستان اسٹیل ملز کے بر طرف ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر کئی گھنٹوں سے دھرنا دے رکھا تھا۔ جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرین سروس معطل ہو گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا کہ اسٹیل ملز یونیئنز کے نمائندوں کی وزیراعلٰی سندھ سے بروز بدھ ملاقات طے ہوگئی۔ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اسٹیل ملز یونیئنز نے دھرنا ختم کردیا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق بن قاسم ریلوے ٹریک پر جاری پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا احتجاج ختم ہو گیا ہے۔ مسافروں اور ریلوے عملے کے لیے خوشخبری پہلی ٹرین 47اپ لانڈھی اسٹیشن سے روانہ ہو چکی ہے۔
اس سے قبل کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، تیز گام کو پونے پانچ بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہونا تھا ۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ کئی گھنٹوں سے ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں، مظاہرین نے احتجاج کرنے والے سے اپیل بھی کی کہ اس دھرنے کو ختم کریں۔
قبل ازیں احتجاج میں شامل ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا تھا، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ 6 ہزار ملازمین کو بحال کیا جائے، مطالبات تسلم نہ ہوئے تو ہائی وے بھی بلاک کریں گے۔
اسٹیل ملز کے سیکڑوں برطرف ملازمین احتجاجا قومی شاہراہ سے ریلوے ٹریک پر منتقل ہوئے جس کے بعد پپری ریلوے اسٹیشن کے دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہونے سے اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔
حنیف عباسی کا مراد علی شاہ کو ٹیلیفونک
بعد ازاں، وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انھوں نے وزیراعلیٰ سے ٹریک کلیئر کرانے کیلئے تعاون کی درخواست کی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ احتجاج کے باعث ٹرین آپریشن 7 گھنٹے سے معطل ہے، ٹریک کی بندش سے مسافر پریشان ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹریک بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ مسافر پریشان ہیں۔ اس لیے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریک کلیئر کروانے میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔