Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2025 02:53pm

عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، سعودی عرب جا کر خود جائزہ لیا: وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب جا کر حجاج کرام کے لیے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو ملک کے مختلف اضلاع میں تربیت دی جا رہی ہے اور حجاج کی ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔

سردار یوسف نے تجویز پیش کی کہ حجاج کو ٹریننگ سے پہلے ہی ویکسین دی جائے تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے کوئی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال سرکاری حج اسکیم کے تحت 90 ہزار حاجی سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ حجاج کے لیے تمام انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں سب سے زیادہ توجہ مہنگائی پر دی گئی ہے اور مہنگائی ایک سال کے اندر سنگل ڈیجٹ تک آ گئی ہے، جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دو روز قبل عوام کو خوشخبری سنائی ہے اور امید ہے کہ جلد عام آدمی کو مزید فائدہ پہنچایا جائے گا۔

پی آئی اے کا حج آپریشن 29 اپریل سے شروع

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے 2025 کے حج کے لیے پیشگی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حج آپریشن 29 اپریل سے شروع ہوگا اور یکم جون تک جاری رہے گا۔ قومی ایئر لائن اس سال 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے 280 خصوصی پروازیں چلائے گی۔

ترجمان کے مطابق، 20 ہزار عازمین حکومتی حج اسکیم جبکہ 36 ہزار عازمین نجی حج اسکیم کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے سفر کریں گے۔ پی آئی اے کی طرف سے بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیاروں کو آرام دہ اور منظم سفر کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن 12 جون سے شروع ہوگا اور 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس دوران عازمین کو واپس لانے کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے نے تمام پروازوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔

Read Comments