Aaj Logo

شائع 05 اپريل 2025 10:58am

مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان کے روپوش ملازمین کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آئے مصطفیٰ قتل کیس میں مرکزی ملزم ارمغان کے روپوش ذاتی ملازمین کی تفصیلات آج نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق رحیم بخش اور عبدالرحیم ارمغان کے قریبی ذاتی ملازمین تھے، جو اب روپوش ہیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ارمغان نے اپنے ان ملازمین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوائے، جنہیں وہ خود ذاتی استعمال میں لاتا رہا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ان ملازمین کے نام پر رجسٹرڈ اکاؤنٹس کو ارمغان منی لانڈرنگ سمیت دیگر مالی مقاصد کے لیے استعمال کرتا تھا۔

آج نیوز کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق رحیم بخش اور عبدالرحیم کا آبائی تعلق بہاولپور سے ہے۔ ان دونوں کے نام پر مجموعی طور پر 6 سمیں رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے ایک نمبر ارمغان خود استعمال کر رہا تھا۔

ملزم ارمغان کا ریمانڈ نہ دینے پر اختیارات سے محروم جج نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملازمین، رحیم بخش اور عبدالرحیم، تفتیش کے لیے مطلوب ہیں اور ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج ہے۔ ان کی تصاویر بھی حاصل کر لی گئی ہیں، جنہیں تفتیشی ادارے مختلف مقامات پر شیئر کر چکے ہیں۔

ساحر حسن کے خلاف منشیات کیس میں پیش رفت

دوسری جانب اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی، جہاں جیل حکام نے ملزم ساحر حسن کو عدالت میں پیش کیا۔

تاہم تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہ ہو سکے، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔

**ساحر حسن منشیات کیس سندھ ہائیکورٹ کے ریگولر بینچ منتقل کرنے کا حکم**

عدالت کی جانب سے مقدمے کے حتمی چالان کی طلبی کی گئی تھی، جبکہ عبوری چالان پر پراسیکیوشن کے اعتراض کے بعد پولیس کو دوبارہ مکمل چالان جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ساحر حسن اس وقت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔

Read Comments