Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2025 07:10pm

پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا انخلاء جاری، 10 خاندان کو واپس روانہ، اسلام آباد اور کراچی میں گرفتاریاں

ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق خیبر کے طورخم بارڈر کے راستے 152 افراد پر مشتمل 10 افغان خاندان افغانستان واپس چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق ان افغان خاندانوں میں 32 مرد، 37 خواتین، 39 بچے اور 44 بچیاں شامل ہیں۔ یہ تمام افراد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر تھے۔

وزارت داخلہ نے 24 کے قریب برٹش پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال کر دیے

امیگریشن حکام کے مطابق حکومتی پالیسی کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی مرحلہ وار واپسی کا عمل جاری ہے، تاکہ ملکی سیکیورٹی اور انتظامی ڈھانچے پر پڑنے والے اضافی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

مزید افغان خاندانوں کی واپسی آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

اسلام آباد: 190 سے زائد افراد کی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل

افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف پولیس نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے 190 سے زائد افغان شہریوں کو تحویل میں لے کر ایک کیمپ میں منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں اور افغان سیٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا اور اس آپریشن میں کارڈ ہولڈرز کے خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کیا جائے گا۔ یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ذریعے افغان شہریوں کی غیر قانونی موجودگی کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کراچی میں 150 افغان باشندے ملک بدری کیلئے گرفتار

کراچی میں 150 افغان باشندوں کو ملک بدری کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سےایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جبکہ کراچی اور جیکب آباد میں ہولڈنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

سکرنڈ، شہید بینظیر آباد میں 1500 افراد کی مجموعی گنجائش کا حامل ایک ”ٹرانزٹ پوائنٹ“ قائم کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ضلع جنوبی سید اسد رضا نے بتایا کہ اب تک 162 اے سی سی ہولڈرز کو ہولڈنگ فیسیلیٹی پر لایا گیا ہے کیونکہ ان میں سے کچھ کو پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) ہولڈر ہونے کی وجہ سے واپس یا رہا کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 4 اپریل تک 242 افغانیوں کو کیمپ میں لایا گیا جس میں سے 10 کو رہا کردیا گیا۔

ڈی آئی جی سید اسد رضا نے بتایا 16ہزار ایک سو 38 کارڈ ہولڈر افغان موجود ہیں، ضلع شرقی میں سب سے ذیادہ 11ہزار 233 ،غربی میں 2 ہزار 792، کورنگی میں 910 ، ملیر میں 396 میں ، وسطی میں 406 ، کیماڑی میں 203، جنوبی میں 120 اور سٹی ڈسٹرکٹ میں 78 کارڈ پولڈر موجود ہیں۔

کراچی اور اسلام آباد سے 150 سے زائد افراد کیمپ منتقل

گزشتہ روز اسلام آباد سے پچاس سے زائد جبکہ کراچی سے ڈیڑھ سو زائد افراد کو تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں آپریشن کررہی ہیں، افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کو افغانستان بھجوایا جائے گا۔

Read Comments