محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی دریائے سندھ سے ملحقہ ایریا دریا خان ضلع بھکر میں کارروائی کرتے ہوئے شکار میں استعمال ہونے والی 8 کونجوں کو برآمد کرلیا، جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
محکمہ وائلڈ لائف کا پنجاب بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، محکمہ وائلڈ لائف نے ضلع بھکر کے علاقے دریا خان میں کارروائی کرتے ہوئے شکار میں استعمال ہونے والی 8 کونجوں کو برآمد کرلیا، جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان اپنا سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق چیف وائلد لائف رینجرز پنجاب کو کونجوں کا شکار کرنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ سرگودھا ریجن کی فیلڈ فارمیشن اور اسپیشل اسکواڈ کو دریا خان روانہ کیا گیا۔
غیر قانونی طور پر کونجوں کا شکار کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ٹیم کو دیکھتے ہی شکاری اپنا سامان چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ وائلڈ لائف ٹیم نے شکار میں استعمال ہونے والی 8 کونجوں کو برآمد کر لیا۔ اہلکاروں نے شکاریوں کی کمین گاہ کو بھی جلا دیا۔ جبکہ شکار کا سامان ضبط کر لیا گیا۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق 8 کونجوں کو سائبیریا ہجرت کرنے والی دیگر کونجوں کے شکار کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملزمان کے خلاف نئے قوانین کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا جا رہا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کےحکام نے بتایا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کونج ایک تحفظ شدہ جنگلی حیات ہے۔ اس کو رکھنا، پکڑنا اور شکار میں استعمال کرنا خلاف قانون ہے۔