متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے سرکلر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے شعبے کے لیے عید الفطر کی چھٹیاں یکم تا 3 شوال ہجری تک ہوں گی اور سرکاری دفاتر 4 شوال کو دوبارہ کھلیں گے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگر رمضان المبارک 30 دنوں کا رہا تو 30 رمضان کو ایک اضافی چھٹی بھی ہوگی، جس سے عید الفطر کی تعطیلات کا دورانیہ بڑھا دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے لیے عید کی تعطیلات کے بارے میں فی الحال کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم امکان ہے کہ پرائیویٹ اداروں میں بھی سرکاری سیکٹر کی طرح تعطیلات دی جائیں گی۔
اگر شوال کا چاند 29 مارچ ہفتے کی شام نظر آ گیا تو عید الفطر 30 مارچ اتوار کو ہوگی، اور اس صورت میں سرکاری تعطیلات اتوار سے منگل تک جاری رہیں گی، جس سے زیادہ تر افراد کو ہفتہ سے منگل تک 4 دن کا ویک اینڈ ملے گا۔
اگر چاند 29 مارچ کو نظر نہیں آیا تو 30 روزے پورے ہوں گے اور عید الفطر پیر 31 مارچ کو ہوگی۔ اس صورت میں ہفتہ سے شروع ہونے والی تعطیلات بدھ 2 اپریل تک جاری رہیں گی، جس سے پانچ چھٹیوں کا طویل ویک اینڈ بنے گا۔