ضلع خیبر کے علاقے طور درہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مارچ 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے طور درہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ضلع خیبر میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ 3 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے اقدامات قابل ستائش ہیں، خوارجی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔