رمضان اسپیشل ٹرانسمیشن میں بات ہوئی بالوں کے ٹریٹمنٹ کے حوالے سے کہ کیراٹین اور ری بونڈنگ میں کیا فرق ہے؟ اور کون لوگ کرا سکتے ہیں؟ دراصل کیراٹین اور ری بونڈنگ بالوں کو ہموار اور سیدھا کرنے کے مشہور ہیئر ٹریٹمنٹس ہیں، لیکن ان دونوں میں نمایاں فرق ہے۔
رمضان اسپیشل ٹرانسمیشن میں ڈرماٹولوجسٹ اور ہیئرڈریسراسپیشلسٹ بینش پرویز نے ان دونوں ٹریٹمنٹس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اکثر لوگ انہیں ایک جیسا سمجھتے ہیں، جبکہ حقیقت میں ان کی نوعیت، اثرات اور دیکھ بھال کے تقاضے مختلف ہیں۔
بینش پرویز نے کہا، کیراٹین ایک سموتھنگ ٹریٹمنٹ ہے، جو خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہوتا ہے جن کے بال زیادہ فرزِی ہوتے ہیں۔ یہ کرلی بالوں کے لیے نہیں بلکہ ان لوگوں کے لیے مناسب ہے جو اپنے بالوں کو کم الجھنے والا، چمکدار اور نرم بنانا چاہتے ہیں۔ چونکہ کیراٹین بالوں کی قدرتی ساخت کو مستقل تبدیل نہیں کرتا، اس لیے اس کا اثر صرف دو سے تین مہینے تک رہتا ہے۔
موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کے لیے گھریلو نسخے
اس ٹریٹمنٹ کے بعد بالوں کی دیکھ بھال انتہائی ضروری ہوتی ہے، بینش پرویز نے خاص طور پر سلفیٹ فری، پیرابن فری اور سوڈیم فری شیمپو کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عام شیمپو استعمال کیا جائے تو محض دو بار دھونے کے بعد کیراٹین کا اثر ختم ہو سکتا ہے، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ کیے گئے اخراجات بھی ضائع ہو جائیں گے۔
جہاں تک ری بونڈنگ کا تعلق ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ان افراد کے لیے زیادہ مناسب ہے جن کے بالوں میں اسپائرل کرلز یا کرلی ٹیکسچر ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا کیمیکل ٹریٹمنٹ ہے جو بالوں کی ساخت کو مکمل طور پر تبدیل کر دیتا ہے، اور اس کا اثر تقریباً ایک سال تک برقرار رہتا ہے۔
بالوں کو گٹھنوں تک لمبے اور مضبوط کرنا چاہتی ہیں تو یہ روٹین آزمائیں
تاہم، بینش پرویز نے خبردار کیا کہ اس عمل میں ایک مخصوص گیس استعمال ہوتی ہے، جو نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس لیے ری بونڈنگ اکثر کروانے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر کسی نے ری بونڈنگ کروائی ہے تو کم از کم ایک سال بعد اور پھر مزید 6 سے 8 مہینے کے وقفے کے بعد ہی دوبارہ کروانا بہتر ہوگا، تاکہ بال زیادہ نقصان سے بچ سکیں۔
اگر صحیح دیکھ بھال کی جائے اور مناسب پروڈکٹس استعمال کیے جائیں تو کیراٹین اور ری بونڈنگ دونوں ہی کچھ عرصے کے لیے بہترین نتائج دے سکتے ہیں۔ تاہم، چونکہ کیراٹین ایک نرم اور کم نقصان دہ عمل ہے، اس لیے یہ ان لوگوں کے لیے زیادہ محفوظ انتخاب ہے جو اپنے بالوں کو زیادہ کیمیکل کے اثرات سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔