وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہر سال دو ملین بچوں کی انرولمنٹ کا ہدف دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معیار تعلیم کی بہتری ہمارا اولین ہدف ہے، پڑھائے بغیر تنخواہ ملنے کا کلچر تبدیل کر دیں گے۔
پنجاب میں اسکول ایجوکیشن کیلئے“سی ایم ایجوکیشن کارڈ“ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 80 فیصد سے زیادہ نمبر لینے والے طلبہ کو سی ایم ایمی ننس / سٹار کارڈ ملے گا، پنجاب کی ہر تحصیل میں ایک سکول آف ایمی ننس بھی بنے گا۔
لاہور میں اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بتایا گیا کہ اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے طلبہ کی تعداد میں 52 فیصد جبکہ ٹیچرز کی تعداد میں 89 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 5863 پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے بعد طلبہ کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار بڑھ کر تین لاکھ 68 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر آؤٹ سورسنگ کے پہلے فیز بعد ٹیچرز کی تعداد 8037 سے بڑھ کر 15114 ہوگئی ہے، جبکہ اساتذہ کی تنخواہ میں بھی تین گنا تک اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے میٹرک ٹیک کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنانے کا اعلان کیا اور کلاس فائیو سے ٹیکنیکل ایجوکیشن بطور مضمون شامل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے اسکولوں میں پینے کے پانی، وائٹ واش اور فرنیچر کیلئے 90 دن کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔ مریم نواز نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے بیٹے کے ایرلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سنٹر میں داخلے کو سراہا اور اسے قابل تقلید قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میٹرک ٹیک سے ایجوکیشن میں نئی اختراع متعارف کرا رہے ہیں، سرکاری سکولوں کا معیار اعلیٰ ترین پرائیویٹ سکولوں کے برابر لانا میرا ویژن ہے۔