Aaj Logo

شائع 07 مارچ 2025 10:11pm

پیپلز بس سروس 15 رمضان سے رات گئے چلا کرے گی، شرجیل میمن کا اعلان

فائل فوٹو

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز بس سروس 15رمضان سے رات گئے چلا کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کینالز قبول نہیں مؤقف واضح ہے، اپنے خطاب میں وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہے، بانی پی ٹی آئی کیلئے دعا ہے، اللہ ان کوعقل دے۔

کراچی پریس کلب میں محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں مدیران اے پی این ایس نمائندگان اور دیگر شہروں سے آئے صحافی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے خطاب میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ اگر جیل سے باہر آئیں تو اپنے ملک کے خلاف سازشیں نہ کرنے کا سوچیں۔ رمضان کا مہینہ ہے، بانی پی ٹی آئی کیلئے دعا ہے، اللہ ان کوعقل دے۔

وزیراطلاعات نے میڈیا اور پیپلزپارٹی کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی آزادی سے جمہوریت کی مضبوطی ہے لیکن میڈیا خود احتسابی بھی کرے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کوپلاٹ دینے کیلئے کوشاں ہے، بڑے بڑے میڈیا ہاؤس میں ملازمین کوتنخواہیں نہیں مل رہیں، صحافیوں کی تنخواہوں کے حوالے سے میکانزم بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات کو بھی اپنا کردارادا کرنا چاہئے، محکمہ اطلاعات سندھ ہرمشکل میں صحافیوں کے ساتھ ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، میڈیا اور پیپلزپارٹی ہر دور میں ساتھ ساتھ رہے۔ کراچی میں پیپلزبس سروس رمضان میں رات دس بجے کے بعد بھی چلا کرے گی۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ کینالوں کے حوالے سے سندھ حکومت کا موقف واضح ہے، سندھ حکومت اپنے حصے کا پانی کسی کو نہیں دے گی۔

افطار پارٹی میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سعید غنی اورسندھ حکومت کے ترجمان بھی شریک ہوئے۔

Read Comments