پاکستان میں عید الفطر 2025 کے موقع پر عوام کو 9 دن کی طویل چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔
عیدالفطر 2025 کے چاند نظر آنے کی متوقع تاریخ کے پیش نظر پاکستانی 29 مارچ تا 6 اپریل یعنی 9 دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی پیشگوئی کے مطابق ملک میں عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا قومی امکان ہے۔
عام طور پر عید کی سرکاری تعطیلات 3 دن پر مشتمل ہوتی ہیں تاہم اگر حکومت 29 مارچ (ہفتہ) سے 2 اپریل (بدھ) تک باضابطہ تعطیلات کا اعلان کرتی ہے اور 3 اور 4 اپریل (جمعرات و جمعہ) کو بھی اضافی چھٹی دیتی ہے تو یہ مسلسل 9 دن کی چھٹیوں میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
سرکاری چھٹیوں کا شیڈول حکومت کی منظوری اور چاند نظر آنے کے اعلان پر منحصر ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق، رواں رمضان المبارک 29 دنوں کا ہوگا جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی جبکہ چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق 30 روزے پورے ہونے کی صورت میں عید الفطر یکم اپریل (بروز منگل) کو ہوگی جبکہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ رمضان، اسلامی قمری کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے، جو روزے، عبادت اور خیرات کا خصوصی وقت سمجھا جاتا ہے۔