Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 فروری 2025 08:47am

کوئٹہ میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ کیچی بیگ سکندر آباد میں ایک مبینہ خودکش بمبار ہدف سے پہلے دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جمعرات کی شب کوئٹہ کے نواح میں واقع تفریحی مقام شعبان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بہادر پولیس اہلکاروں نے وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس تھے اور بڑے حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے مگر سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور باقی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

شہید اہلکاروں کی قربانی ان کی وطن سے بے پناہ محبت اور دہشت گردی کے خلاف عزم کی عکاس ہے۔

شہید اہلکاروں کی شناخت سپاہی محمد رمضان اور سپاہی شمس ال اسلام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت آصف رضا کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق شعبان میں پولیس پر حملے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ سکندر آباد میں ایک مبینہ خودکش بمبار ہدف سے پہلے دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ایک خود دکش بمبار کسی جگہ دہشت گردی کرنے جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ہدف سے پہلے پھٹ گیا۔

واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی ادارے، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور موقع سے شواہد اکھٹے کیے۔

پولیس کے مطابق مبینہ خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ اور نادرا سے تصدیق کروانے کے لیے بھیجے جائیں گے۔

وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔ ہمارے دو بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات کیلئے دعا کی اور کہا کہ ہم ان ہیروز کے مقروض ہیں جن کی قربانیوں سے ہمارا وطن محفوظ ہے۔

Read Comments