گھوڑا وفاداری، بہادری اور بے لوث محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ گھوڑے اپنے مالک سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتے۔ جنگوں میں سپاہیوں کے ساتھ ان کی استقامت ہو، میلوں کا سفر طے کرنے کی ہمت ہو، یا کسی مشکل وقت میں اپنے مالک کی حفاظت، گھوڑے ہمیشہ اپنی وفاداری ثابت کرتے آئے ہیں۔
چین کے صوبہ ہوبئی کے شہر شیانتاو میں ایک سفید گھوڑا، جسے ’بائیلونگ‘ یا ’وائٹ ڈریگن‘ کہا جاتا تھا، بے مثال وفاداری کا ایک مظہر ہے۔ بائیلونگ ایک انسان کو ڈوبنے سے بچانے کے چند دن بعد انتقال کر گیا۔ یہ سات سالہ گھوڑا، جس نے اس سے پہلے کبھی پانی میں قدم نہیں رکھا تھا، ایک نہر میں کود کر ایک شخص کی جان بچانے میں کامیاب رہا۔
یہ واقعہ پچھلے دنوں ماہ فروری میں اس وقت پیش آیا جب سفید گھوڑا ’بائیلونگ‘ اور اس کا مالک ’ یلی بائی’ ایک دریا کے قریب تربیت کر رہے تھے۔ اچانک ایک شخص پل سے گر گیا، اور اس کی بیٹی مدد کے لیے چیخنے لگی۔ یلی بائی نے فوراً فیصلہ کیا اور اپنے بہادر گھوڑے کے ساتھ پانی میں اتر گیا۔
چین کی دلچسپ لائبریری دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے
بائیلونگ نے نہ صرف اپنے مالک کے حکم پر پانی میں چھلانگ لگائی بلکہ ایک اجنبی انسان کی جان بچانے میں بھی کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ گھوڑے کو صرف ایک سواری نہیں بلکہ ایک سچا ساتھی اور باوفا رفیق سمجھا جاتا ہے۔
بائیلونگ نے تقریباً 40 میٹر تک تیراکی کی اور یلی بائی نے ایک ہاتھ سے باگ پکڑی جبکہ دوسرے ہاتھ سے ڈوبتے شخص کو سہارا دیا۔ دونوں نے مل کر اس شخص کو کنارے تک پہنچا دیا۔
یلی بائی نے ایک مقامی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا، ’جب میں نے اسے حکم دیا، تو اس نے فوری عمل کیا اور مکمل تعاون کیا۔ اس ریسکیو میں بائیلونگ نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔‘
لیکن اس بہادری کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑی، بائیلونگ بیمار پڑ گیا۔ وہ کھانا چھوڑ بیٹھا، بخار میں مبتلا ہو گیا، اور تمام تر علاج کے باوجود 6 دن بعد انتقال کر گیا۔
سالہ چینی خاتون کی طویل عمری کا راز کیا ہے؟
بائیلونگ کی یاد میں مجسمہ
بائیلونگ کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں، شیانتاو شہر کے حکام نے اس دریا کے قریب ایک یادگاری مجسمہ بنانے کا اعلان کیا ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ یہ مجسمہ اس حقیقت کا مظہر ہوگا کہ بہادری اور قربانی صرف انسانوں تک محدود نہیں۔