Aaj Logo

شائع 02 فروری 2025 09:34pm

چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے گوتم گھمبیر کا اہم بیان آگیا

Welcome

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے میچ کو زیادہ اہم قرار نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ دبئی میں مشن چیمپئنز ٹرافی کی جیت ہے صرف ایک میچ مشن نہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایوارڈز کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں یہ سوچ کر نہیں جا رہے کہ 23 فروری کو سب سے اہم میچ ہے، میں سمجھتا ہوں پانچوں میچز بڑے اہم ہیں، دبئی میں ہمارا مشن چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے، ہمارا مشن صرف ایک میچ نہیں ہے۔

گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کھیلتے ہیں تو جذبات بہت زیادہ ہو جاتے ہیں جذبات اپنی جگہ لیکن مقابلہ ہمیشہ وہیں رہتا ہے، ورلڈ کپ کے مقابلے میں چیمپئنز ٹرافی مختلف چیلنج ہے، ہر میچ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی ڈریسنگ روم اور بھارتی کرکٹ کی ویلیو میں اضافہ کریں گے اور دونوں کا چیمپئنز ٹرافی میں بڑا کردار ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت کے میچ سے متعلق بھارتی کپتان نے اپنے ارادے ظاہر کردیے

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے حوالے سے بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنے ارادے ظاہر کردیے۔

ایوارڈز کی ایک تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہیت شرما کا کہنا تھا کہ کسی بھی کرکٹ ٹیم سے جو توقع ہوتی ہے ہم بھی اس دن وہی کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس میچ کے حوالے سے ہم کم از کم کوئی خاص ذکر نہیں کریں گے، ہمیں صرف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہے اور ہم کریں گے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔

گروپ اے میں شامل پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 فروری کو کھیلے گی۔

علم میں رہے کہ آخری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے اوول کے میدان میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

Read Comments