لاہور ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔
سعودیہ میں گرفتاربے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی، محکمہ داخلہ اور این ایف ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد واپس وطن پہنچ گئے۔
محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائشگاہ پر خاندان کے افراد سے ملاقات کی، ڈی جی اینٹی نار کوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ وانسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ سودی حکام کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ اس قدر تعاون کیا، بصورت دیگر ان کو واپس لانا ممکن نہ ہوتا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے اور اے این ایف کی پوری ٹیم نے جدوجہد کے بعد ان کو وہاں سے کلیئر کروایا۔
پی ٹی آئی نے26 نومبرکی طرح بات نہ مانی توپھر ریاست حرکت میں آئے گی، محسن نقوی
ڈی جی اینٹی نار کو ٹیکس فورس میجرجنرل عبدالمعید کا کہنا تھا کہ بہت مشکل ٹاسک تھا، فیملی کی گرفتاری گینگ کے ہینڈ کیری بیگ پرٹیگ تبدیل کرنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ پر فیملی کے بیگ کو جان بوجھ کر گینگ ممبرز کی جانب سے غلط ٹیگ لگایا گیا، بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس موقع پر متاثرہ خاندان کے افراد نے رہائی دلوانے پر وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
منشیات فروشی سے متعلق کیس میں اے این ایف اور تمام صوبوں سے تحریری جواب طلب
خیال رہے کہ لاہورکے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔
بعد ازاں فرحانہ اکرم اور فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا، اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔
اے این ایف نے ایک پورٹر کو پکڑ کر تفتیش شروع کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا، اور انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔
اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دیئے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔