بھارت میں ایک بس ڈرائیور نے ٹول ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کی کوشش میں سامنے کھڑے ٹول ٹیکس چیکنگ ورکرز کو ٹکر دے ماری جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ انڈیا کی شمالی ریاست ہریانہ میں پیش آیا جب روڈ ویز کے ڈرائیور نے اپنی بس سے ملازمین کو اڑا دیا جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بس کی زد میں آنے والے ٹول ورکرز 2 تھے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ کے مناظر گروگرام اور سوہنا کے درمیان سڑک پر واقع گھمروز ٹول پلازہ پر لگے کیمرے میں قید ہوئے۔
بھارت: آتشزدگی کی افواہ پر ٹرین سے اترنے والے مسافروں کو دوسری ریل نے کچل ڈالا، 12 ہلاک
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ہریانہ روڈ ویز کا ایک بس ڈرائیور بغیر رکے ٹول بوتھ سے تیز رفتاری سے گزرا۔ ایک کار کے گزرنے کے بعد ڈرائیور نے بس کی رفتار بڑھائی اور جلدی میں اس نے سامنے کھڑے ٹول کے کارکنوں کو ٹکر مار دی۔ ٹول ورکرز کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گروگرام پولیس نے سی سی ٹی وی شواہد کی بنیاد پر ہریانہ روڈ ویز کے ڈرائیور کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔