Aaj Logo

شائع 23 جنوری 2025 05:04pm

ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ بار بار اسلام آباد پرچڑھائی کی کوشش کرتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان میں 10 سال کے دوران 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جبکہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ باربار اسلام آباد پرچڑھائی کی کوشش کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری فریم ورک کا افتتاح کردیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج جس پروگرام کا افتتاح کیا ہے، یہ ہماری ڈریم ٹیم نے ورلڈ بینک کے ساتھ ملکر شراکت داری فریم ورک بنایا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج تاریخی اور خوشی کا دن ہے، عالمی بینک نے ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون کیا ہے، ہم صدر ورلڈ بینک کے مشکور ہیں، شراکت داری کا فریم ورک 10 سال پر محیط ہوگا، 10سالہ شراکت داری فریم ورک میں 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہونے والی اصلاحات کئی دہائیوں پہلے ہوجانی چاہیے تھیں، شراکت داری فریم ورک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔

عالمی بینک پاکستان کو 20 ارب ڈالر کی خطیر رقم دے گا، وزیراعظم کا خیرمقدم

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کا پاکستان کے سسٹم پر اعتماد ہے اور عالمی بینک نے ہائیڈل، توانائی اور اداروں میں اصلاحات سمیت کئی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، جو تعلیم اور صحت کے شعبوں کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں جو آفت 2022 میں پاکستان میں آئی تھی وہ بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس پروگرام کو تعلیمی اہداف کو پورا کرنے کے لیے بھی مختص کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں جب کہ 20 ارب ڈالر کے ساتھ پرائیوٹ انویسٹمنٹ کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا مجھے یقین ہے کہ جس محنت کے ساتھ یہ پروگرام تشکیل پایا ہے، اسی محنت اور جذبے کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہوں گے تو پاکستان یقیناً بلندیوں کو چھوئے گا اور پاکستان عظیم بنے گا، ہم ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات

اس سے قبل پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے اور میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، میڈیا ملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستوں ہونے پر یقین رکھتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبے کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، پاکستان نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سنہری دور دیکھا، آج بھی نواز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام کے بعد ترقی کا سفر جاری ہے، پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں روکی گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی، برآمدات میں اضافہ، صنعتی و زرعی شعبےکی ترقی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوا۔

پاکستانی طلبہ کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی، وزیراعظم

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح اور شرحِ سود میں کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے، دوست اور برادر ممالک کے بھی انتہائی مشکور ہیں جن کے تعاون سے ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ بھرپور طریقے سے جاری ہے، ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے، کسٹمز کے نظام کی بہتری کے لیے فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام شروع کیا جا چکا ہے جس سے محصولات میں اضافے، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے میں معاونت ملے گی۔

حجاج اللہ کے مہمان ہیں، ان کی معاونت میں کسی قسم کی لاپروائی قبول نہیں کروں گا، وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچا، ترسیلاتِ زرمیں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافے کی عکاسی ہے، دوست ممالک سے تعلقات میں اضافہ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان اور قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے، نواز شریف اور چینی صدر کا پاکستان اورخطے کی ترقی کا خواب تعبیر کے قریب ہے، سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے، پاکستان کی معاشی سلامتی کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ باربار اسلام آباد پرچڑھائی کی کوشش کرتا ہے، ایسے عناصر کو پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقی کے لیے دن رات مصروف عمل رہیں گے، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اسکی باصلاحیت نواجوان افرادی قوت ہے، نواجوانوں کو یکسان ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، معاشی اشاریوں میں بہتری خوش آئند امر ہے، میڈیا ملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

حکومتی معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے پر وفد نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضروت ہے، حکومت مثبت کردار ادا کرے۔

Read Comments