Aaj Logo

شائع 16 جنوری 2025 06:40pm

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ کل متوقع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہوگی یا ریلیف ملے گا، کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، اس حوالے سے عدالتی عملے نے وکلا کو آگاہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کل صبح ساڑھے 11 بجے سنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کل جمعے کے روز 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائیں گے جو پہلے سے محفوظ ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: فیصلے کی تاریخ میں تبدیلی پر عمران خان کی قانونی ٹیم کا بیان سامنے آگیا

خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 3 مرتبہ مؤخر کیا جاچکا ہے، احتساب عدالت نے 18 دسمبر 2024 کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے پہلے 23 دسمبر کی تاریخ دی جو بعد میں 6 جنوری تک مؤخر ہوگئی تھی، اس کے بعد 6 جنوری کو عدالت کی جانب سے 13 جنوری کی ایک اور نئی تاریخ دی گئی تھی، 13 جنوری کو فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کرکے 17 جنوری کی نئی تاریخ دی گئی۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

ٹرائل میں کب کیا ہوا؟

190 ملین پاؤنڈ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مالی ریفرنس تھا جس کو یکم دسمبر 2023 کو احتساب عدالت میں دائر کیا گیا، ملزمان پر 27 فروری 2024 کوفرد جرم عائد ہوئی تھی،نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے، عمران خان کے وکلا کی جانب سے گواہان پر جرح بھی کی گئی۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر: عدالت نے تحریری حکم نامے میں کیا لکھا

کیس کے اہم گواہان میں سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور زبیدہ جلال شامل تھیں، ریفرنس کی سماعت کے دوران 3 ججز بھی تبدیل ہوئے، ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر وکلائے صفائی نے 38 سماعتوں کے بعد جرح مکمل کی، ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت نے 15 مواقع فراہم کیے، ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا۔

عمران اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے کی ایک اور نئی تاریخ دے دی گئی

بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری ٹرائل احتساب عدالت جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کی تھی جبکہ ملزمان کی درخواست بریت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو فیصلے کا اختیار دیا تھا۔

ملزمان کی جانب سے 16 گواہان کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کی تھی،نیب کی جانب سے 6 رکنی پراسیکیوشن ٹیم نے کیس ٹرائل میں حصہ لیا۔

ریفرنس کے کل 8 ملزمان تھے جن میں 6 بیرون ملک فرار ہیں، صرف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ٹرائل کا سامنا کیا،6 جنوری 2024 کو عدالت نے فرحت شہزاد گوگی، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

Read Comments