Aaj Logo

شائع 16 جنوری 2025 06:07pm

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کے وکیل نے مزید ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران ایک اور گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔

جمعرات کے روز اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے گواہ طلعت پر جرح مکمل کرلی جبکہ کیس میں اب تک 7 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں جبکہ 5 گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہ بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیے اور توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔

توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی نے بریت مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

واضح رہے کہ 10 جنوری کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران مزید ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی تھی جبکہ عدالت نے سابق خاتون اول اور ان کے وکلا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، سلمان صفدر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عدالت نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی، عدالت کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ مصدقہ کاپیز ساتھ منسلک نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا تاہم تمام آرڈرز مصدقہ کاپیز کے ساتھ منسلک کردی ہیں، اعتراض ہے کہ 2 ملزمان کے لیے ایک ہی درخواست دائر کردی گئی۔

عدالت نے کہا کہ آپ 2 درخواستیں دائر کردیں اس میں کیا ہے؟ جس پر سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ون، سائفر اور عدت نکاح میں بھی یہی طریقہ کاررہا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اتنی جلد کیوں ہورہی ہے؟ جس پر سلمان صفدر نے کہا کہ ہفتے میں ٹرائل کی 3 سماعتیں ہورہی ہیں جو کہ غیرمنصفانہ ہے، ٹرائل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ کو کہہ دیں کہ ٹرائل تیز نہ چلائیں؟ جس پر وکیل نے آرڈر کی استدعا کی تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں یہی توپوچھ رہا ہوں کہ کیا یہ عدالت ٹرائل کوایسی کوئی ڈائرکشن دے سکتی ہے؟ بشریٰ بی بی کے درخواست پردستخط موجود نہیں، وہ کروا لیں۔

توشہ خانہ مقدمہ تحقیق طلب ہے، عمران خان سے ایف آئی اے نے کبھی سوال تک نہیں پوچھا، اسلام آباد ہائیکورٹ

بعدازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ ٹو ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی تشکیل

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اڈیالہ جیل کی عدالت ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کیس سے بریت کی درخواستیں بھی مسترد کر چکی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 6 جنوری کو قبل توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا، اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کارروائی نہیں، بلکہ مزید انکوائری کا کیس ہے۔

Read Comments