Aaj Logo

شائع 16 جنوری 2025 01:49pm

آج نیوز کی خبر کی ہیڈلائن پر اداکار یاسر حسین کا شدید ردعمل

سوشل میڈیا کی ستم ظریفی نے عجیب غضب ڈھایا۔ اداکار یاسر حسین کے انتقال سے متعلق ایک گمراہ کن سوشل میڈیا تھمب نیل کے حوالے سے ’آج نیوز‘ کی خبر کی ہیڈ لائن پاکستان کے معروف اداکار کو برہم کرنے کا سبب بن گئی۔ حالانکہ اگر خبر کو کھول کر پڑھ لیا جاتا تو معاملہ ایسا نہیں تھا۔

اداکارہ اقرا عزیز کے شوہر اداکار یاسر حیسن جو خود بھی ”کراچی سے لاہور“ جیسی فلموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں ان دنوں سوشل میڈیا پر برہم ہیں۔ کچھ دن پہلے ایک یوٹیوب چینل نے ایک گمراہ کن تھمب نیل شائع کیا جس میں یاسر حسین نے انتقال کرنے کا تاثر دیا گیا تھا۔ اور یہ وائرل ہوگیا۔

یاسر حسین نے اس پر برہمی ظاہر کی۔ دیگر کئی میڈیا آؤٹ لیٹس کی طرح آج نیوز نے اپنی ایک خبر میں یاسر حسین کے ردعمل کو بیان کیا، جس میں پوری صورتحال واضح کی گئی کہ کس طرح یاسر حسین نے یوٹیوب کے ایک تھمب نیل پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

آج نیوز نے واضح طور پر بتایا کہ انتقال کی خبر جھوٹی تھی اور یاسر حسین اس پر غصہ ہیں جبکہ ان کے مداح تشویش کا شکار ہیں۔

لیکن بد قسمتی سے اس خبر کی ہیڈلائن بظاہر گمراہ کن ثابت ہوئی۔ اگرچہ ہیڈلائن میں یہ واضح کیا گیا تھا کہ یہ سوشل میڈیا پر وائرل خبر کے بارے میں ہے تاہم یاسر حسین پر اس کا مجموعی تاثر کچھ اور رہا اور غالب امکان ہے کہ انہوں نے خبر کو کھول کر نہیں دیکھا جس میں ان کا موقف واضح طور پر بیان کیا گیا تھا۔

یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’واقعی! آج نیوز آفیشل، صحافت کا اتنا برا وقت بھی آنا تھا۔ میں تو زندہ ہوں آج نیوز کی غیرت کا جنازہ نکل چکا ہے۔‘

پاکستان میں سوشل میڈیا کے بڑھتے رحجان کے سبب خبریں دینے والے ادارے اپنی خبروں کے لنک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع کرتے ہیں۔ تاکہ قارئین انہیں کلک کرکے ویب سائیٹ پر مکمل خبر پڑھ سکیں۔ قارئین کو راغب کرنے کیلئے اشاعتی ادارے کلک بیٹ کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ تاہم تیز سے تیز ہوتی زندگی میں اب خبر سے زیادہ اہمیت سوشل میڈیا شیئر کی ہوگئی ہے جو موضوع بحث بن جاتا ہے۔ بہت دفعہ قارئین ویب سائیٹ پر جا کر مکمل خبر پڑھنے کا تکلف نہیں کرتے۔

اگر یاسر حسین اور ان کے اہلخانہ کو آج نیوز کی ہیڈلائن سے تکلیف پہنچی تو ادارہ اس پر معذرت خواہ ہے۔ متعلقہ عملے کو سوشل میڈیا شیئرز کے حوالے سے مزید محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیٹر ڈیجٹل

Read Comments