Aaj Logo

شائع 16 جنوری 2025 10:44am

پنجاب نے اسلحہ لائسنس میں ترمیم و تبدیلی کا عمل آن لائن کر دیا

محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس میں ترمیم و تبدیلی کا عمل آن لائن کر دیا، شہری اسلحہ لائسنس کی وراثتی منتقلی اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی درخواست بھی آن لائن جمع کروا سکیں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس کی وراثتی منتقلی اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کی درخواست بھی آن لائن جمع ہوگی، شہری موجودہ اسلحے کی فروخت اور پاکستان بھر میں لائسنس کی معیاد میں ایکسٹینشن بھی دے سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر میں موجود شہری اپنے اسلحہ لائسنس میں موڈیفیکیشن کی درخواست آن لائن دیں گے، اب شہریوں کو اسلحہ لائسنس کے حوالے سے دفاتر کے چکر نہیں لگانا ہوں گے، متعلقہ کاغذات سے لیکر قانونی فیس تک آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول پنجاب آرمز رولز 2023 کے تحت تیار کیے گئے ہیں، آن لائن موڈیول محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔

تمام ڈپٹی کمشنرز کو اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول کے استعمال کے بارے میں مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اسلحہ لائسنس میں تبدیلی کیلئے آنے والے شہریوں کو آن لائن موڈیول بارے آگاہی دیں۔

Read Comments