بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے پاک ایئرفورس کے سربراہ سے ملاقات کی اور جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سمیت دیگر جدید جنگی سامان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش کے مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی قیادت میں بنگلہ دیش کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کی ایئر فورسز کے درمیان فوجی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشترکہ تربیتی منصوبوں اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی طور پر تیار کردہ تکنیکی فریم ورک کو سراہا۔
پاکستان، بنگلہ دیشی عسکری قیادت کا شراکت داری کو بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کا اعادہ
انہوں نے جدید ترین فوجی ہارڈویئر، خاص طور پر جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی تیاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ اور بنگلہ دیش کے دفاعی وفد کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری کو مضبوط بنانے، تعاون کو فروغ دینے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن پاکستان کے دورے پر ہیں۔
گزشتہ روز بنگلا دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن وفد کے ہمراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں تھیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ فوجی تعاون بڑھانے کے لیے مزید راہیں تلاش کرنے پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔