Aaj Logo

شائع 15 جنوری 2025 05:01pm

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب دے دیا

ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویدی کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا بھارتی آرمی چیف کا بے بنیاد اور بھونڈا الزام ہے، بھارتی آرمی چیف کا پاکستان پر الزام بھارت کی ریاستی جبر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف اوپندرا دویدی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پر بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔

ترجمان پاک فوج نے قرار دیا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں، بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے منافی ہے، بھارتی آرمی چیف کے الزامات مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے، پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں، دنیا بھارتی قیادت کے مسلم کش ہندو توا نظریات سے بخوبی واقف ہے، بھارت میں اقلیتوں پر ظلم، نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پرعیاں ہیں۔

ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کے لیے بھارت اپنا احتساب کرے، دفتر خارجہ کا بھاری آرمی چیف کے بیان پر ردعمل

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم و ستم کا مظاہرہ کرچکے ہیں، بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوگی، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی کوششیں تقویت پکڑرہی ہیں، کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانے کے بجائے زمینی حقائق کو تسلیم کیا جائے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ تلخ حقیقت ہے ایک بھارتی حاضر سروس فوجی افسر پاکستان کی حراست میں ہے، بھارتی آرمی چیف اس اہم پہلو کو نظر انداز کررہے ہیں، بھارتی آرمی چیف بھول گئے ہیں کہ ان کا فوجی افسر پاکستان میں دہشت گردی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، دہشت گردی کے ڈھانچے کا بہانہ تراشنے کے بجائے بھارت کا حقیقت تسلیم کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔

ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی فوج کے مظالم کے شکار افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ امید ہے بھارتی فوجی قیادت کا رویہ پیشہ ورانہ صلاحیت پر ہوگا ناکہ سیاسی ضرورتوں کے مطابق ہو۔

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بے بنیاد دعوے مسترد کردیے

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بھارتی وزیر دفاع اور چیف آف آرمی اسٹاف کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا ہے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر بھارت کے بےبنیاد دعوؤں کا کوئی جواز نہیں، بھارتی قیادت کا بیان انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں پر فرضی دعوے کرنے کی کوئی قانونی یا اخلاقی بنیاد نہیں ہے، بھارتی قیادت کی بیان بازی سے عالمی توجہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے نہیں ہٹائی جا سکتی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ واضح کرتے ہیں کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصاندہ ہیں، بھارت دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے اپنے اندر جھانکے، بھارت دہشت گردی میں اپنے ملوث ہونے کی دستاویزی حقیقتوں کو تسلیم کرے۔

Read Comments