Aaj Logo

شائع 15 جنوری 2025 02:42pm

الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز کے منصوبے پر وزیراعظم کی اہم ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی، وزارت توانائی نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کا ٹیرف 70 روپے سے کم کرکے 40 روپے کر دیا، منصوبہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

اسلام آباد میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تشویش پائی جاتی ہے، روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے ماحول دوست توانائی کی حامل الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیکر آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ماحول دوست منصوبے اس حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، باکو میں کوپ 29 کے انعقاد کے دوران بھی دنیا کو درپیش کلائمیٹ چینج کے معاملے پر غور کیا گیا اور کئی اقدامات تجویز کیے گئے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی وزارت توانائی الیکٹرک وہیکلز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائے، الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دیا جائے گا تو پاکستان کے خزانے پر امپورٹڈ ایندھن کی وجہ سے پڑنے والا زرمبادلہ کا دباؤ کم ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے الیکٹرک وہیکلز کے کلچر کو فروغ دینا مشکل تھا، تاہم وزارت توانائی نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے قیمتوں میں 45 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو خرج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے انتھک محنت کرکے یہ کارنامہ سر انجام دیا، اس سے سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا اور وہ اس شعبے میں پیسہ لگائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس حوالے سے تشہیری مہم کا آغاز کیا جائے، یہ بہت اچھا اقدام ہے اور اس سے ماحول میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

Read Comments