خیبرپختونخوا میں بے نظیر نشوونما پروگرام میں 79 کروڑ سے زائد کی سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری دستاویزات میں بے نظیر نشوونما پروگرام پروجیکٹ پر کام کرنے والے عملے کی تنخواہوں میں بے ضابطگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کارکنوں اور عملے کو تنخواہوں میں کٹوتیوں کی ادائیگی کی رسیدیں فراہم نہیں کی گئیں مگر اس کے باوجود محکمے نے ان ادائیگیوں کی پوری قیمت ورلڈ فوڈ پروگرام اور بے نظیر نشوونما پروگرام دونوں سے وصول کیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ بے ضابطگیاں تقریباً 79 کروڑ 99 لاکھ روپے بنتی ہیں، ورلڈ فوڈ پروگرام سے خیبرپختونخوا حکومت کو منتقل ہونے والے 66 کروڑ 40 لاکھ روپے بے نظیر نشوونما پروگرام فنڈز کا 30 فیصد ہے۔
دستاویزات کے مطابق پروگرام میں کام کرنے والے 11 گھوسٹ ملازمین کی موجودگی کا بھی انکشاف بھی ہوا ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے صوبے میں پروگرام کو روکتے ہوئے آڈٹ کی درخواست کردی جب کہ بہتر احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پروگرام کا انتظام کے پی حکومت سے لے کر این جی اوز کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کا اعلان کرنے والے علی امین گنڈاپور کی ناک کے نیچے سے 799 ملین غائب ہوگئے، عظمیٰ بخاری
اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بینظیر نشونما پروگرام میں بڑے پیمانے پر مالی غبن اور گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اس پروگرام پر خیبرپختونخواہ میں کام روک دیا ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے مالی بے ضابطگیوں، گھوسٹ ملازمین کے معاملے پر صوبائی حکومت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ سرکاری دستاویزات میں صرف تنخواہوں میں 799 ملین کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ظالموں نے ماں اور بچے کی صحت پر خرچ ہونے والے فنڈز کو بھی نہیں بخشا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کا اعلان کرنے والے علی امین گنڈاپور کی ناک کے نیچے سے 799 ملین غائب ہوگئے۔ اس سے قبل بھی مساجد کے آئمہ کرام کے نام پر 70 کروڑ کے فنڈز غائب کیے گئے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ تمام پیسے سوشل میڈیا پر پاکستان اور اداروں کے خلاف مہم چلانے والے برگیڈ سیل کو دیے جاتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ ہر ہفتے وفاق کو فنڈز کی فراہمی کے لئے خط لکھتے ہیں۔ وفاق کے دیے گئے فنڈز پشتونوں کی بجائے فوج مخالف پروپیگنڈے کرنے والوں کو بانٹے جارہے ہیں۔