پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان و رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے، مذاکرات کسی ڈیل کے لئے نہیں ہو رہے، حکومنت سے بات چیت کا تیسرا راؤنڈ اہم ہوگا، اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو اُووو والا نہیں، سڑکوں والا احتجاج ہوگا۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوزانسائیٹ‘ میں میزبان عامر ضیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت سے کسی قسم کی ڈیل کے لئے مذاکرات نہیں ہو رہے، بلکہ ملکی حالات بہتر کرنے کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں، شہدا کے لیے انصاف چاہتے ہیں، ہمارا اہم مطالبہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے اسٹائل کا احتجاج آپ کو پسند نہیں تھا، ہمیں تو حکومت نے اووو، اووو کے احتجاج کے طریقے کا بتایا، وزیراعظم کے مطابق مہذب قومیں اووو، اووو کرکے احتجاج کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی ہے، ہم فارم 47 والے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کو نہیں مانتے ہیں، ہم اب اووو، اووو والا احتجاج نہیں کریں گے بلکہ سڑکوں پر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسوں کے فیصلوں کی تاریخ جان بوجھ کر آگے بڑھائی گئی، جعلی حکومت شرمندگی سے بچنے کے لیے فیصلے کی تاریخ آگے بڑھا رہی ہے۔
وقاص اکرم نے کہا کہ بانی کو سزا ہونے کی صورت میں بھی حکومت سے مذاکرات کا عمل جاری رہے گا، تاہم مذاکرات نہ ہونے کی صورت میں پورے ملک میں بھرپور احتجاج کرینگے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مجرموں کی سیاست بچانے کے لیے معیشت کا جنازہ اور کروڑوں پاکستانیوں کا معاشی مستقبل تاریک کرنے والے جلد اپنے فیصلوں پر پشیمان ہوں گے، سیاسی استحکام نہ آیا تو معیشت کی بحالی کے امکانات مکمل طور پر دم توڑ دیں گے۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ 190 ملین کا ٹیگ لگا کر ٹرسٹی کو بدنام کرکے سزا دینے کی باتیں ہورہی ہیں، دنیا بھر میں فلاحی کام کرنے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، گواہ موجود ہیں، کوئی ٹھوس ثبوت نہیں لیکن ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ سزا ہونی ہی ہونی ہے۔