پی ایس ایل ڈرافٹ کے دوران بار بار مائیک خراب ہونے پر مداح بھڑک اٹھے۔
پاکستان سپر لیگ کے لئے کھلاڑوں کے انتخاب جیسی بڑی تقریب میں ”خراب پروڈکشن کوالٹی“ کے حوالے سے بہت سے شائقین نے سوشل میڈیا پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سپر لیگ کی تقریب کے دوران بار بار مائیک خراب ہونے پر صارفین پی ایس ایل انتظامیہ پرغصے سے بھڑک اٹھے اور تقریب کے انتظامات پر سوالات اٹھا دیئے۔
احمد نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ تقریب کے لئے بدترین انتطام کیا گیا، پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے مائیک خراب ہونا چونکا دینے والا تھا، 10 سال بعد بھی آپ ایسی غلطی کیسے کرسکتے ہیں؟
کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ ایک موقع پر شاہین شاہ کا مائیک بھی کام نہیں کر رہا تھا، جبکہ کچھ ٹیمیں مائیک کے بغیر منتخب کھلاڑیوں کا اعلان کرنے پر مجبور تھیں۔
محسن عزیز نامی صارف نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ“یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈرافٹس کتنی بری طرح سے کرائے جا رہے ہیں؟ مائیکس درست نہیں، کوئی کوآرڈینیشن نہیں، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب آپ کے انتظامات ناقص ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ مائیک کا مسئلہ ڈرافٹ کے آغاز سے شروع ہوا جب لاہور قلندرز نے اپنے پہلے کھلاڑی کا انتخاب کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ’’ڈیرل مچل‘‘ کا ذکر کیا لیکن ان کی آواز اسٹیج تک نہیں پہنچی۔ اس لئے انہیں کئی بار نام دہرانا پڑا۔
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ’’ڈیوڈ وارنر‘‘ کہنے کی کوشش کی۔ حسن علی نے اونچی آواز میں ’’ڈیوڈ وارنر‘‘ کہہ کر ان کی مدد کی۔
حسن علی کے بلند آوازسے نام بتانے پر تقریب کے تمام شرکاء ہنس پڑے، براڈ کاسٹر ڈومینک کارک نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بائولر حسن علی کو مائیک کی ضرورت نہیں ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کو بھی تقریب کے دوران مائیک کی بندش کا سامنا کرنا پڑا، اور ان کی جانب سے ناموں کا اعلان کو نہیں سنا جاسکا۔
تقریب میں شریک صحافی رضوان علی کے مطابق ایونٹ کے دوران صرف ایک مائیک کام کر رہا تھا جسے 6 فرنچائزز استعمال کر رہی تھیں۔
ایونٹ میں لاہور قلندرز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو انتخاب کیا، جس کا مقصد اپنی بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کرنا تھا، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اس سیزن کے مہنگے ترین کھلاڑی تھے۔
پی ایس ایل کے لئے کراچی کنگز نے سپلیمنٹری ڈرافٹ راؤنڈ کے دوران نیوزی لینڈ کے نامور بلے باز کین ولیمسن کو سائن کر کے ٹیم میں اہم اضافہ کیا۔