لوئر کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل جاری ہےشروع کردیا گیا ہے، گزشتہ روز چار مورچوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، جبکہ آج کی کارروائی کا ہدف 10 بنکرز کی مسماری رکھا گیا ہے۔ گزشتہ روز مورچوں کی مسماری کے موقع پر آرمی ، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات تھی۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بنکرز کی مسماری کے لیے آج دوبارہ آپریشن کیا جائے گا، آج مجموعی طور پر 10 بنکرز کو مسمار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، فریقین میں دونوں اطراف سے 5، 5 بنکر مسمار کیے جائیں گے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنروں کی سربراہی میں بنکرز کو بارودی مواد کی مدد سے تباہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آج بالشخیل اور خار کے قریبی علاقوں میں بنکر ختم کیے جائیں گے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 25 سے 30 کلو میٹر کے علاقے میں سات سو سے زائد بنکرز موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان کے مطابق گزشتہ روز دن بھر مختلف کارروائیوں کے دوران 4 بنکرز کو مسمار کیا گیا، بنکرز ہٹانے کے لیے جرگہ ممبران سمیت مقامی عمائدین سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے۔
کرم میں امن وامان کی بحالی کے سلسلے میں کوہاٹ امن معاہدے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، مورچوں کے مسماری کے لیے پولیس، آرمی اور ایف سی کی بڑی نفری خار کلی بالش خیل میں موجود ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید بنکرز کو بھی مسمار کیا جائے گا۔