معروف بھارتی گٹارسٹ اور بیسیسٹ چندر مولی بسواس اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 48 سالہ چندر مولی کی لاش اتوار کی شام کولکتہ کے علاقے ویلنٹن میں واقع ان کے کرائے کے گھر سے برآمد ہوئی۔ بینڈ ’گولوک‘ کے مرکزی گلوکار مہول چکرورتی جب چندر مولی کے گھر پہنچے تو ان کی لاش دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔
معروف بھارتی اداکار تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل
مہول نے بتایا کہ وہ چندر مولی کو صبح سے فون کررہے تھے لیکن وہ ان کی فون کال ریسیو نہیں کر رہے تھے جس پر وہ فکرمند ہو کر اپنے ایک قریبی دوست کے ہمراہ ان کے گھر پہنچ گئے جہاں پر انہیں مردہ حالت میں پایا۔ مہول کے نزدیک چندرمولی کی موت بنگال کی میوزک انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ چندر مولی کو مالی مسائل کا سامنا تھا اور کئی سالوں سے ڈپریشن کا بھی شکار تھے۔ ان کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بھی ان کی ذہنی حالت کی تصدیق کی۔
امریکی اداکارہ نے لاس اینجلس کی آگ کو غزہ سے تشبیہ دیدی
جائے وقوعہ سے ملنے والے خودکشی نوٹ میں لکھا تھا کہ ان کی موت کا ذمہ دار کوئی نہیں۔ نوٹ کی تحریر کی تصدیق کی جا رہی ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
چندر مولی مشہور بینڈز ’فوسلز‘، ’گولوک‘، اور ’زومبی کیج کنٹرول‘ سے منسلک رہے اور شاندار پرفارمنس کے باعث بےحد مقبول تھے۔
بھارتی گلوکار کی موت سے انڈسٹری میں سوگ چھا گیا ہے اور بھارتی میوزک انڈسٹری نے چندر مولی کی موت کو ایک ناقابل یقین صدمہ قرار دیا ہے۔
فوسلز کی منیجر روپشا داس گپتا نے بتایا کہ چندر مولی 2000 سے 2018 تک بینڈ کے رکن رہے اور بعد میں صحت کے مسائل کی وجہ سے چھوڑ دیا۔