دنیا کے 7 ممالک نے 52 پاکستانی افراد کو اپنے ملک سے بے دخل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب ، امریکا، یو اے ای، سویڈن کی جانب سے پاکستانیوں کو اپنے ملک سے بے دخل، کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے بے دخل ہو کر کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے 3 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ دیگر کو ان کے گھر بھیج دیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں کو مختلف خلاف ورزیوں اور الزامات پر بے دخل کیا گیا۔
سعودی عرب سے بے دخل ہونے والے دو پاکستانیوں کو بلیک لسٹ، ایک کو بھیک مانگنے، 9 افراد کو کفیل کی شکایات، 11 کو زائد المعیاد قیام، 7 کو پاسپورٹ گم ہوجانے پر اور دیگر 11 کو مختلف الزامات کے تحت واپس پاکستان بھیجا گیا۔
بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط نرم کر دیں
وہیں سویڈن سے ایک اور امریکا سے دو پاکستانیوں کو غیر قانونی داخلے پر بے دخل کیا گیا، عمان سے ویزا معیاد ختم ہونے پر ایک پاکستانی، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 3 افراد کو غیر قانونی قیام پر بے دخل کیا گیا۔
بیرون ملک سے 3 پاکستانی بچوں کو بھی بے دخل کیا گیا، جنہیں ایمرجنسی دستاویزات پر پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔
مکہ مکرمہ : عمرہ زائرین سے جعلسازی کرنے والے 10 پاکستانی شہری گرفتار
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل کے عملے کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ سے اٹلی، سعودی عرب، قطر، تنزانیہ اور دیگر ممالک جاتے ہوئے 13 افراد کو روک لیا گیا۔
امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ عمرہ زائرین عبدالخالق، حق نواز، اکرام اللہ، سمیع اللہ، احسن اللہ کو ایڈوانس ہوٹل بکنگ اور اخراجات کی مناسب رقم نہ ہونے پر سفر سے روکا گیا۔ قطر جاتے ہوئے وسیم عباس کو ورک ویزے سے متعلق دستاویزات، این او سی نہ ہونے پر آف لوڈ کیا گیا۔